ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں پاکستان کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا۔ پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ فلاحی ادارے اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو سوشل اینٹر پنیور آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والی یہ واحد فلاحی تنظیم ہے جو سویڈن میں بھی رجسٹر ہے۔ جس کے صدر ڈاکٹر عارف کسانہ، نائب صدر برکت حسین، جنرل سیکریٹری ابرار اکبر، جوائینٹ سیکریٹری سجیلا عارف اور فنانس سیکریٹری مرزا قیصر محمود ہیں۔ واضح رہے کہ اخوت فاونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کی سربراہی میں دنیا بھر میں قرضہ حسنہ دینے والی سب سے بڑی تنظیم ہے۔ اخوت کے تحت بہت سے دیگر فلاحی منصوبوں کے علاوہ مستحق طلباء کے لیے مفت اعلی تعلیم کے لیے اخوت یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ اخوت فاونڈیشن کے سویڈن میں رجسٹر ہونے سے اسکینڈے نیویا میں مقیم عوام باآسانی اپنے عطیات دے سکیں گے۔
