اخوت فاونڈیشن پاکستان کے بانی اور چئیرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے شان پاکستان ایوارڈ عطا کیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز کورونا وائرس کی وبا کے دوران اخوت کی جانب سے مستحق افراد کو کھانے پینے کی اشیاء، حفاظتی سامان مہیا کرنے اور صحت عامہ کی سہولتیں بہم پہنچانے کے لئے دیا گیا ہے۔ ایوارڈ دینے کی تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ چئیرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب نے شان پاکستان کا یہ ایوارڈ اخوت کے کارکنوں، معاونین اور وابستہ تمام افراد کے نام کیا ہے۔ اخوت سویڈن کے تمام عہدیداروں، اراکین، معاونین اور سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے شان پاکستان کا ایوارڈ ملنے پر چئیرمین اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی قیادت میں اخوت کی خدمات کا اعتراف ہے۔ اخوت سویڈن نے بھی کووڈ 19 کی وبا میں عطیات جمع کرکے پاکستان بھجوائے تھے۔