معذور اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والی تنظیم سکون کے تحت سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں آمد رمضان المبارک اور محفل میلاد منعقد ہوئی۔ تقریب میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس بابرکات اور پروقار کا انتظام سکون سویڈن کی صدر شازیہ حسن، نائب صدر شازیہ زینب اور فنانس سیکرٹری آصف شکور نے سکون کے اراکین کے ساتھ مل کر کیا۔ تقریب کی نظامت سکون سویڈن کی صدر شازیہ حسن نے بہت خوبصورتی سے سرانجام دئیے۔ اس محفل کا آغاز نادیہ زبیر کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ شازیہ حسین نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سکون تنظیم معذور افراد کو مفت وہیل چئیر کی فراہمی اور ان کی بحالی کے لئے پاکستان میں کام کررہی ہے۔ سکون کی تنظیمیں سویڈن، ناروے، ڈنمارک اور دیگر کئی ممالک میں کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کی پاکستانی کمیونٹی فلاحی کاموں میں بھرپور تعاون کرتی ہے۔ تقریب میں موجود خواتین جن میں شہناز انجم، نسرین اقبال، رافعہ پروین، عابدہ مظفر، کہکشاں شہزادی، روبینہ، اربیہ افضل، روحی سیماب، حبہ افضل اور مہرب امجد نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت نعت کی صورت میں پیش کیا۔ محفل میں درود و سلام سے روح پرور منظر کا سماں تھا۔ درود شریف کی اہمیت اور فضائل کے حوالے سے نسرین اقبال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی اور اس کے فرشتے رسول اکرم پر درود و سلام پیش کرتے ہیں اور اہل ایمان کو بھی حکم ہے کہ تم بھی نبی اکرم پر درود و سلام بھیجو۔ درود پاک ایک عظیم عبادت ہے اور مشکلات سے نجات کی صورت بھی ہے۔ صدقات و خیرات کی اہمیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے رافعہ پروین نے کہا کہ اللہ تعالٰی کا حکم ہے کہ ہم ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ اپنے مال کو دوسروں کی ضرورت کے لئے کھلا رکھنا چاہیے جس کا اجر دنیا میں دس گنا اور آخرت میں ستر گنا بلکہ خدا چاہیے تو بہت زیادہ بھی دے سکتا ہے۔ نادیہ زبیر نے رمضان المبارک کی فضیلت اور زکوۃ کی فرضیت کے حوالے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں روزے کے فلسفہ کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور اس کے مطابق رمضان گزارنا چاہیے۔ زکوۃ اسلام کا اہم رکن ہے اور مالدار لوگوں پر فرض ہے۔ اسلام نے صدقات اور خیرات کا نظام مستحق لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے بنایا ہے اور
ہمیں بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لینا چاہیے۔ اس شاندار محفل کا اختتام درود و سلام پر ہوا۔ سکون سویڈن کی صدر شازیہ حسن نے تمام شرکاء اور محفل کے انعقاد میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
