پاکستان میں پے پال سروس نہ ہونے کے باعث پریشان لوگوں کےلیے اچھی خبر سامنے آئی ہے کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر ایسی بین الاقوامی سروس کو پاکستان میں متعارف کرنے پر کام کررہی ہے جس کے تحت پاکستانی شہری پے پال سمیت دیگر سروسز کو استعمال کر سکیں گے اور باآسانی بیرون ملک آن لائن خرید و فروخت کر پائیں گے جبکہ فری لانسر اپنی سروسز کا معاوضہ وصول کر سکیں گے۔
وزارت آئی ٹی کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزارت آئی ٹی اور متعلقہ محکموں کو پے پال جیسا بین الاقوامی ادائی کا نظام پاکستان میں متعارف کروانے کےلیے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے جس کے بعد ہنگامی بنیادوں پر انٹرنیشنل پیمنٹ گیٹ وے قائم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔ وزرات آئی ٹی کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق آئندہ چند دنوں میں نئے پیمنٹ سسٹم کےلیے بین الاقوامی کمپنیوں سے معاہدے کےلیے ٹینڈرز کھولے جائیں گے اور معاہدے کے بعد پاکستانی صارفین پے پال سمیت بین الاقوامی ادائیگی کے دیگر آپشن استعمال کر سکیں گے
