Embed HTML not available.

پاکستان کے رنگوں سے سجا فوڈ ٹرک ، سویڈن میں چلتی پھرتی آرٹ گیلری کے طور پر نظر آئے گا

سویڈن میں پاکستانی ثقافت، سیاحت، اردو زبان اور تجارت کے فروغ کے لئے پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائیٹی کے نام سے ایک تنظیم تین سال سے متحرک ہے جس میں پاکستان کی تمام اکائیوں کی بھر پور نمائدگی ہے۔ یہ تنظیم سویڈن میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل اور مقامی سویڈش لوگوں کو پاکستان کے کلچر سے متعارف کرانے کے لئے پرگرام ترتیب دیتی رہتی ہے۔ اسی سلسلہ میں پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی کی خصوصی دعوت پر پاکستانی نامورٹرک آرٹسٹ پر مشتمل پھول پتی ٹیم تشریف لائی۔ پاکستانی ٹرک آرٹ اپنی خوبصورت انداز، شاعری اور منفرد جملوں اور اشعار کی بدولت ایک ثقافت کی حثیت حاصل کر چکا ہے۔ یوں تو بسوں اور ٹرکوں کو سجانے کا رواج جنوبی ایشیا میں بہت پرانا ہے لیکن پاکستان کے ٹرک آرٹ کا اپنا ایک منفرد انداز ہے ۔ شوخ رنگوں سے سجے یہ شہکاردیکھنے والےکو اپنی طرف متوجہ کیے بغیر نہیں رہتے ۔ یورپ ،امریکا اور دنیا کے دیگر ممالک میں اس آرٹ کو متعارف کرانے کا سہرا پھول پتی ٹیم کو جاتا ہے۔ یوں تو پھول پتی ٹیم گزشتہ کئی سالوں سے یورپ میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن اس سال عید الفطر کے موقع پر سویڈن میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے انہوں نے پاکستانیوں عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ۔
پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی نے پاکستانی ٹرک آرٹ کے حوالے سے ایک ورک شاپ کا اہتمام کیا جس میں اس فن میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانیوں اور سویڈش شہریوں نے شرکت کی۔ اسٹاک ہوم کے چار مختلف اسکولوں نے بھی ورک شاپ میں حصہ لیا۔ ورک شاپ کی خاص بات بچوں کی شرکت اور اس فن میں دلچسپی تھی۔ پھول پتی کے بانی جناب علی سلمان انچن نے اپنے کام کے طریقہ کار اور دیگر ممالک میں ہونے والے کام کی تفصیل بتائیں۔ جبکہ مشہور و معروف ٹرک آرٹسٹ جناب حیدر علی اور ممتاز احمد نے حاضرین کو رنگوں اور برش کے استعمال کی تکنیک دیکھائی اور سکھائی۔

پکس نے پھول پتی ٹیم کے دورے کے دوران نہ صرف ورک شاپ کا اہتمام کیا بلکہ ایک مقامی فوڈ ٹرک کو خوبصورت رنگوں سے سجانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا یہ ٹرک جلد ہی اسٹاک ہوم اور سویڈن کے دوسرے شہروں میں چلتی پھرتی آرٹ گیلری کے طور پر نظر آئے گا اور پاکستان کے اس حسین آرٹ کی رونمائی کرے گا۔

اس خوبصورت فن سے محبت کا عملی مظاہرہ کچھ اس طرح سے بھی نظر آیا کہ ایک مقامی کاروباری شخصیت جناب توفیق چوہان اور صوہیب مدثر نے اپنی دکان کو اس آرٹ سے سجانے کا اظہار پھول پتی سے کیا اور پھر کیا تھا جناب یہ خوبصورت رنگوں سے سجا شہکار آنے والے خریداروں سے داد وصول کرنے کے لئے جلوہ گر ہوگیا۔

پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی کے صدر شہزاد انصاری کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے بارے میں منفی پروپوگنڈے کو مثبت سرگرمیوں سے دور کرنا چاہتے ہیں اور پھول پتی کے چار روزہ اس دورے کے دوران سویڈش اسکولوں ، یورپی اور سویڈش لوگوں کی شرکت نے ہماری کوشش کو کامیاب بنایا ہے۔ اپنی ٹیم کی بات کرتے ہوے انھوں نے کہاں کہ ہمارے تمام ممبران نے اس پروگرام کی تیاری میں بہت محنت کی ہے۔
پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی کے اہم رکن اور اردو قاصد کے مینیجنگ ڈائریکٹر جناب شہاب قادری کا کہنا تھا کہ اس پروگرام اور آگے آنے والی دیگر تقریبات کا مقصد صرف اور صرف پاکستان کا مثبت پہلو دنیا کو دکھانا ہے ہم پاکستانی بہت پیار کرنے والے ہیں ہم صرف محبت باٹنا جانتے ہیں نفرت سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔
پاکستانی ٹرک آرٹ کو سویڈن میں متعارف کروانے کے لیے پاکستان انفامیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی تین سال سے متحرک تھی ۔ اسی حوالے سے تنظیم کے مارکیٹنگ اینڈ فائنانس مینیجر جناب عشر محمد کے سر پرستی میں ایک گروپ پکس کلاس ون ممبر کے نام سے تشکیل دیا گیا۔ سویڈن میں مقیم قابل پاکستانیوں پر مشتمل اس گروپ نے اس پروجیکٹ کے لیے بہت محنت کی۔

پکس اور پھول پتی کی مشترکہ کاوش نے پاکستان کی ثقافت کو اٹھا کر سویڈش دارالحکومت کے دل میں پیوسط کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے اور پاکستان کے رنگوں سے سجا فوڈ ٹرک ، سویڈن کے شہروں میں چلتی پھرتی آرٹ گیلری کے طور پر نظر آئے گا اور پاکستان کے اس حسین آرٹ کی رونمائی کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں