42

اورسیز پاکستانی یقیناً پاکستان کے سفیر ہیں. مصطفی کمال

جس طرح کسی بھی مشین کی کارکردگی اسکے پرزوں کی ساخت اور بناوٹ پر منحصر ہوتی ہے بلکل اسی طرح کسی ملک کی ترقی اور کارکردگی کا انحصار اس کے ایوان میں پہنچنے والے چنندہ نمائندوں کی کارکردگی پر ہوتا ہے۔ پاکستانی دنیا کے کسی حصہ میں بھی موجود ہوں ، ملکی سیاست پر بڑی گہری نظر رکھتے ہیں۔ اردو قاصد سویڈن نے انتخابات کے حوالے سے ایک سوالنامہ تیار کیا اور پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی اور ہمیں صرف چیئرمین پاک سر زمین پارٹی اور سابق سٹی ناظم کراچی جناب مصطفی کمال نے اپنی جماعت کے منشور کے حساب سے اُن سوالات کے جوابات دیے ۔
اردو قاصد سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جہاں جس جگہ بھی ہیں سب سے پہلے ہم پاکستانی ہیں۔ تمام سیاسی ، زبان ، مسالک کے اختلافات کو دور رکھ کر بحیثیت پاکستانی یہ کوشش کریں کہ ہم سب مل کر پاکستان کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔ جو لوگ بھی پاکستان سے باہر ہیں یقیناً وہ پاکستان کے سفیر ہیں۔
آپ یا آپکی پارٹی آنے والے الیکشن کو کس نظر سے دیکھتے ہیں؟
ہم یہ سمجھتے ہیں کہ آنے والے انتخابات پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں سے ہیں۔ جہاں تک سندھ اور خاص طور پر کراچی کی بات ہے یہاں پر ایک بڑی تبدیلی آئی ہے اور انشاءاللہ تعالیٰ ہم کراچی ، حیدرآباد، سکھر ، میرپورخاص، نواب شاہ میں اپنی تمام نشست جیتیں گے اور ایک نئے دور کا آغاز ہوگا ۔جس میں ترقی ہوگی اور جس میں آپسی اختلافات قتل وغارت گری تک نہیں پہنچیں گے۔ ہمارا بیانیہ ہے کہ ہم تمام زبانیں بولنے والے مسالک کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔
آپ یا آپکی پارٹی کو الیکشن کی شفافیت پر کتنا اعتماد ہے؟
پاکستان میں ابھی تک ووٹنگ کے جدید آلات موجود نہیں ہیں اور جہاں انسان ہوتے ہیں وہاں غلطی کی گنجائش موجود ہوتی ہے ۔ میں حتمی طور پر نہیں کہ سکتا کہ انتخابات صاف و شفاف ہونگے لیکن جتنا غلطیوں کو کم کیا جاسکے اتنا ہی پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے اچھا ہوگا۔
آپکی پارٹی آنے والے الیکشن میں کیا اور کیسے کامیابی حاصل کرسکتی ہے؟
ہماری جماعت سندھ اور بلوچستان پہ زیادہ توجہ دے رہی ہے گو کہ ہم پورے پاکستان سے الیکشن لڑ رہے ہیں تقریباً 12 نشستوں پہ پنجاب سے اور تقریباً 17 نشستوں پہ خیبر پختون خواں سے۔ ہم جدوجہد کر رہے ہیں کہ ہم حکومت بنائیں گے انشاءاللہ، امید کرتے ہیں سندھ میں ہمارا یا ہمارا حمایت یافتہ وزیر اعلی ہوگا۔ سندھ میں ہماراحدف 60 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہے اور تقریباً 30 نشستیں قومی اسمبلی کی حاصل کریں اس کے لیے کوششیں جاری ہیں۔مجھے اللہ تعالی کی ذات سے امید ہے کہ اللہ تعالی ہماری مدد کرے گا اور ہمیں کامیابی دے گا۔ کیونکہ سندھ او رکراچی میں لوگوں نے کام آخری دفعہ ہمارے زمانے میں دیکھا تھا جونہ اس سے پہلے ہوا تھا نہ ہی اس کے بعد ہوا ہے۔ ایک پارٹی کے پاس سندھ کی حکومت تھی ایک پارٹی کے پاس کراچی کی حکومت رہی لیکن کراچی کچرا کنڈی بن گیا۔ سندھ کے لوگوں کے پاس ہمارا متبادل نہیں ہے۔
اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ ملنے کے بارے میں پارٹی کی کیا رائےہے اور اس سے کیا نقصان ہوگا؟
یقیناً بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ایک بڑی شرکت ہے پاکستان کی ترقی میں اور ہم سمجھتے ہیں کہ انکو ووٹ دینے کا پورا حق ہونا چاہیے ہر جماعت بات تو کرتی ہے مگر اس سلسلے میں اپنا کردار ادا نہیں کرتی۔ ہمارے یہاں سیاسی فائدے نقصان کو دیکھا جاتا ہے ملکی فائدے نقصان کو نہیں دیکھا جاتا۔ جو پارٹی برسراقتدار رہی ہے ان کو شاید انداہ ہو کہ اس سے ان کو سیاسی نقصان ہوگا اس لیے اورسیز ووٹنگ پر انہوں نے کام نہیں ہونے دیا۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاک سر زمین پارٹی کا جو بھی اسرورسوخ ہوگا انشاءللہ ہم بیرون ملک پاکستانیوں کے نہ صرف ووٹ کے لیے آواز بلند کریں گے بلکہ عملی طور پر اقدام کریں گے۔
بیرون ملک پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہیتے ہیں ان کے لیے پاک سر زمین پارٹی کیا کرے گی؟
ہم نے اپنے پارٹی منشور میں واضح کیا ہے اور ہم گاہے بہ گاہے یہ کہتے بھی رہتے ہیں کہ یقیناً ہمیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مواقع پیدا کرنے چاہیئے ۔ان کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔ جو بیرون ملک پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ان کو اس حوالے سے معلومات فراہم کرنے کے لیے ذرائع موجود ہونے ضروری ہیں۔ اورسیز پاکستانی ملک کی ترقی اور معیشت کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں ۔ اور اورسیز پاکستانی ملک کی ترقی میں اپنے حصہ ڈالنا چاہتے ہیں مگر ملک کے مسائل ہیں، بیروکریٹک رکواوٹیں ہیں ، رشوت خوری ہے، یہاں پر اونر شپ نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ تو ہم چاہتے ہیں اورسیز پاکستانیوں کی اس حوالے سے راہنمائی کی سہولیات مہیا کی جانی چاہئیں۔

آخر میں قارئیں کو یہ بتانا ضروری ہے کہ اردو قاصد نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں تک سوالانامہ پہچانے کی کوشش کی تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے تمام جماعتوں موقف کا سامنے آسکے اور ہمیشہ کی طرح مصطفی کمال نے اس سے قطع نظر کے ہم کتنے بڑایا چھوٹا گروپ چلا رہے ہیں ، ہمیں اپنا جواب اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے ان کی پارٹی کی پالیسی سے آگاہ کیا۔
مصطفی کمال کا سویڈن میں مقیم پاکستانی اور پکس کے چاہنے والوں کے لیے ویڈیو پیغام.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں