30

مصر سے حالیہ دریافت ہونے والے تابوت کا معمہ

اوائل جولائی میں مصر کے شہر اسکندریہ میں سیدی گابیر کے علاقے میں تعمیراتی سلسلے میں ہونے والی کھدائی کے دوران ایک 2 ہزار سال پرانا سیاہ سنگ خارا کا بنا ہوا تابوت دریافت ہوا. جس کی لمبائی 9.5 فٹ اور چوڑائی 5.4 فٹ ہے. قدیم مصریوں کے رواج کے مطابق اس تابوت میں صاحب تابوت کے حوالے سے کسی قسم کی تحریر کندہ نہیں کی ہوئی ہے البتہ تابوت کے اوپر سنگ سفید کا بنا ایک انسانی سر رکھا ہوا ملاہے.

اس تابوت کو فی الحال کھولا نہیں گیا ہے مگر اس سے منسلک قیاسات کا ہر طرف چرچا ہے. تمام دنیا کے ٹی وی چینلز اور اخبارات بھی اس میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں. کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ تابوت مصر قدیم کے کسی فرعون کا ہے جس کو کھولنے سے مصر کو ناگہانی آفات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے. کچھ کے نزدیک یہ تابوت کسی شاہی خاندان کے فرد کا ہوسکتا ہے جس میں سونے اور جواہرات کثرت سے ہوں. بعض لوگ اس بے نام و نشان تابوت کو یونان کے بادشاہ الیکژنڈر سے بھی منسوب کررہے ہیں جو 32 سال کی عمر میں 323 قبل مسیح میں اس دنیا سے کوچ کرگیا تھا. بعض روایات کے مطابق الیکژنڈر کی لاش کو حنوط کرکے اسکندریہ لے جایا گیا تھا اور وہیں اس کی تدفین ہوئی. یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ الیکژنڈر نے اپنی گیارہ سالہ عسکری حیات میں بیس سے زائد نئے شہروں کی بنیاد رکھی. جن میں افغانستان میں قندھار، غزنی و ہرات اور مصر میں اسکندریہ شامل ہیں.
مصرکے سابقہ ماہر آثار قدیمہ زاہی حواس اس بات سے ہرگز متفق نہیں کہ اسکندریہ سے ملنے والا تابوت الیکژنڈر کا ہے. البتہ وہ اس بات کا اشارہ دیتے ہیں کہ اس تابوت کا تعلق امراء طبقے کے کسی فرد سے ہوسکتا ہے جس کے لیے قیمتی سنگ خارا ایک ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اسوان سے اسکندریہ لایا گیا تھا.
مصر کے ایک اور سابقہ ماہر آثار فوزی الفخرانی کے مطابق الیکژنڈر کو الشطبی کے علاقے میں کہیں دفن کیا گیا ہے . بعض اس کا مدفن اسکندریہ کے مرکز میں النبی دانیال کے علاقے میں قرار دیتے ہیں.
مصر کے موجودہ محکمہ آثار قدیمہ کے سیکرٹری جرنل مصطفےٰ وزیری کا کہنا ہے کہ اس تابوت کے سلسلے میں لوگوں کو قیاسات سے پرہیز کرنا چاہیئے. ماہرین جلد ہی اس تابوت کے معمے کو حل کردیں گے. ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نا معلوم کیوں لوگ اس تابوت کے لیے حد درجہ متجسس ہیں. ہر روز ہزاروں کی تعداد میں اندرون ملک اور بیرون ملک سے لوگ فون کر کے اس کے متعلق جاننے کے لیے بیقرار ہیں حالانکہ حال ہی میں سقارہ کے مقام سے پانچ اسی طرح کے تابوت دریافت ہوچکے ہیں جن کو کھولنے کے بعد کچھ نہیں ہوا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں