خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت، نگہداشت اور بحالی کے لئے جاسمین فاونڈیشن کے نام سے ایک فلاحی تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سویڈن میں مقیم پاکستانیوں نے اس انسانی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ یہ منصوبہ سویڈش پاکستانیوں کے لئے باعث افتخار ہو گا جس میں پاکستان کے ہزاروں خصوصی بچوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار سویڈن میں مقیم معروف پاکستانی مخیر اور کاروباری شخصیت شیخ سعید نے جاسمین فاونڈیشن کے حوالے سے ہونے والے نمائندہ اجتماع میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دلی خواہش ہے کہ پاکستان میں بصارت، سماعت، بولنے اور چلنے پھرنے سے معذور بچوں کے لئے ایک مثالی درسگاہ قائم کی جائے۔ اس مقصد کے لئے سویڈن میں مقیم پاکستانی ایک فلاحی تنظیم جاسمین کے قیام پر متفق ہوگئے ہیں اور شیخ سعید اس فلاحی تنظیم کے چئیرمین مقرر ہوئے ہیں۔ تنظیم کے دیگر عہدیداروں میں صدر محمد آصف بٹ، نائب صدر چوہدری ظفر اقبال، جنرل سیکریٹری وحید احمد، حافظ قدیر جوائینٹ سیکریٹری، کاشف بھٹہ پریس اور میڈیا سیکریٹری، ناصر نواز اور احسن بٹ فنانس سیکرٹری مقرر کئے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا کی ذمہ داری ابوبکر بٹ اور شہزاد ملک جبکہ آئی ٹی کی ذمہ داری طلحہ کے سپرد ہوگی۔محمد علی لاشاری کی سربراہی میں ایک ایڈوائزری بورڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں ڈاکٹر عارف کسانہ، رحمت علی، خواجہ مقصود، عرفان، مسعود منہاس، جمیل احسن، فشاہد، عمران کھوکھر اور افضل نقوی شامل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاسمین کے صدر محمد آصف بٹ نے کہا کہ ہم تمام لوگوں کے تعاون سے اس فلاحی کام کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور ہر ایک کو اس میں خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کار خیر کا آغاز ضلع سیالکوٹ کے قصبہ سمبڑیال میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سکول کی تعمیر سے کیا رہا ہے جس میں معذور بچوں کی تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کے تعمیراتی کام کا آغاز ہو چکا ہے اور سمبڑیال میں قائم اس منصوبہ کے لئے حافظ سجاد کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ تقریب میں شریک تمام شرکاءنے اس فلاحی منصوبہ کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کی بدولت بہت سے مستحق بچوں کو نہ صرف صحت و تعلیم کی سہولتیں میسر ہوں گی بلکہ وہ اپنے پاﺅں پرکھڑے ہو کر زندگی بغیر کسی سہارے کے گزار سکیں گے۔