Pakistan Independence Day Celebration Sweden 25

اسٹاک ہوم کمیونٹی سینٹر میں آزادیِ پاکستان کا جشن

دنیا بھر کی طرح سویڈن میں بھی جشن آزادی پاکستان بہت جوش و خروش سے منایا گیا. اسی مناسبت سے اسٹاک ہوم کے نواحی علاقے بوتشرکا میں واقع اسٹاک ہوم کمیونٹی سینٹر کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا. جن میں پاکستانی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ جناب محمد عرفان اور سویڈش پارلمانی ممبرجناب سرکن کوسے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی.
تلاوتِ قرآن پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا. جس کی سعادت جناب اویس قادری نے حاصل کی.

تقریب کی نظامت کے فرائض جناب سہیل صفدر نے بخوبی انجام دیے.

ڈاکٹر ذیشان اطیب نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی، سویڈن میں پاکستان کے سفیر ہیں لہذا ہمیں عمل سے اپنے ملک کے وقار کو بلند رکھنے کو پوری کوشش کرنی چاہیئے.

جناب نوید عباس میمن نے صوبہ سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ میں ہماری ہندو برادری کی اکثریت آباد ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے مذہبی اقدار کا بہت احترام کرتے ہیں۔

پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے جناب عمران حیدر کا کہنا تھا سویڈش ثقافت کے ساتھ ساتھ پاکستانی ثقافت کا فروغ بھی یقینی طور پر انتہائی ضروری ہے.

محترمہ ذکیہ مرزا نے ایک نظم پڑھی جس کی چند سطریں یوں تھیں.

سویڈش پارلمان کے ممبر جناب سرکن کوسے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی کا دوست ہوں اور پاکستانی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے فخر محسوس کرتا ہوں.

بچوں کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ نوشین شاہد نے جوش سے بھر پور تقریر کر کے حاضرین کے جوش میں اضافہ کیا.

پاکستانی سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ جناب محمد عرفان نے جناب شفقت کھٹانہ اور ان کی ٹیم کو تقریب کی کامیابی اور سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی سینٹر کے قیام پر مبارکباد پیش کی. ان کا کہنا تھا کہ ہم اور آپ مل کر پاکستان سویڈن دوستی کو مضبوط بنانے اور اس کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے.

خیبر پختونخواہ کی نمائندگی کرتے ہوئے جناب نورالامین خٹک نے کہا کہ پاکستان کے لیے جو قربانی ہمارے آباءواجداد نے دی ہے ہم ان کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے.

جناب شفقت کھٹانہ کا کہنا تھا کہ سویڈش اور پاکستانی ثقافتی انضمام کے ساتھ ساتھ سویڈن میں ہمیں بحیثت پاکستانی قوم متحد ہونے کی ضرورت ہے.

تقریب کے اختتام پر جناب محمد فاروق اور جناب سہیل صفدر نے ملی نغمہ سنایا اور تمام حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں