کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت پاکستان نے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کردیں ہیں۔ بڑی تعداد میں اس وقت بیرون ملک مقیم پاکستانی، جو نجی دوروں پر اپنی فیملی سے ملنے پاکستان گئے ہوئے تھے، پروازیں معطل ہونے کے وجہ سے کافی پریشان ہیں۔
اُردو قاصد کو موصول ہونے والے سوالات کے پیش نظر ہم نے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے مختلف ایئر لائنوں اور پاکستانی ٹرویول ایجنٹوں سے، جو سویڈ ن سے کام کر رہے ہیں، رابطہ کیا۔ ہم واسا گلوبل ٹریولز کے جناب فیصل صدیقی صاحب کے خاص طور پر شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مصروفیت کے باوجود ہمیں وقت دیا اور پاکستان میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔
ایک بات یہاں واضح کرنا بے حد ضروری ہے کہ ایک ٹریول ایجنسی یا ایجنٹ معلومات فراہم کرنے اور موجودہ صورتحال میں اگلہ لائحہ عمل تیار کرنے کی حد تک ہی آپ کی مدد کر سکتا ہے. ایئر لائن یا حکومتیں جو فیصلے اس وقت کر رہی ہیں ہمیں ان ہدایات اور فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی سے نکلنا ہے۔
یہ پڑھیے: سویڈش پاکستانی جو پاکستان میں موجود ہیں ان کے لیے اہم اطلاع
سوال نمبر 1: میں نے انٹرنیٹ یا کسی اور ٹریول ایجنسی سے ٹکٹ خریدا تھا مگر پروازیں معطل ہوگئی ہیں. کوئی بھی فون کال یا ای میل کا جواب نہیں دے رہا ہے. کیا آپ اس سلسلے میں میری مدد کر سکتے ہیں؟
فیصل صدیقی : پاکستان کی فضائی حدود 11 اپریل 2020 تک بند ہیں۔ انٹرنیٹ یا کسی دوسری ٹریول ایجنسی سے جاری کیے گئے ٹکٹ کی تاریخ کی تبدیلی وہیں سے ممکن ہے جہاں سے آپ کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ بہتر ہے جہاں سے آپ نے ٹکٹ لیا ہے ان سے رابطے میں رہیئے۔
سوال نمبر 2: میرا ٹکٹ امارات ایئر لائن کا ہے تو کیا میں قطر یا ترکش ایئر لائن سے اس کو تبدیل کروا سکتا ہوں؟
فیصل صدیقی: ایسا ممکن نہیں ہے. آپ کا ٹکٹ کسی بھی ایئر لائن کا ہے، آپ کو ان کی پروازیں بحال ہونے کا انتظار کرنا پڑے گا۔ امارات ایئر لائن کے مطابق آپ اپنا ٹکٹ برقرار رکھنے کا انتخاب کرسکتے ہیں اور امارات ایئر لائن آپ کی اصل بکنگ کی تاریخ سے 24 ماہ تک اس کی توسیع کریں گے۔ اصل بکنگ کے لئے ادا کردہ کرائے کی رقم کسی بھی وقت اسی منزل / خطے * کے لئے کسی بھی وقت اس مدت کے دوران بغیر کسی فیس کے قبول کی جائے گی۔
سوال نمبر 3: کیا سفر ی پابندیوں کی وجہ سے میرا ٹکٹ ضائع ہو سکتا ہے؟
فیصل صدیقی: جی نہیں، امارات ایئر لائن جاری کردہ ٹکٹ کی تاریخ سے 760 دن تک ٹکٹ کی تفصیلات میں توسیع کرسکتی ہے۔ یاد رہے کہ یہ سہولت صرف ان مسافروں کے لیے ہے جنہوں نے 31 مئی 2020 سے پہلے اپنے ٹکٹ بُک کرائے تھے۔
سوال نمبر 4: کیا میں اپنے ٹکٹ کی منزل (ڈیسٹینیشن) تبدیل کر سکتا ہوں؟
فیصل صدیقی: جی ہاں، آپ منزل بدل سکتے ہیں۔ یہ ٹکٹ جاری ہونے کی تاریخ سے ایک سال کے لئے موزوں ہوگا اور اس میں مزید ایک سال کی توسیع کی جاسکتی ہے۔ آپ نے جو کرایہ ادا کیا ہے وہ ایک ہی منزل یا اسی علاقے میں کسی بھی پرواز کے لئے قابل قبول ہوگا۔ مثال کے طور پر، اگر آپ نے اصل بکنگ لندن کے لئے تھی تو آپ ایمسٹرڈم کے لیے بغیر کسی اضافی چارجز کے اسے دوبارہ بُک کرسکتے ہیں۔
امارات ایئر لائن کے علاقے یہ ہیں:
افریقہ،آسٹریلیا، یورپ، مشرق بعید، خلیج، مشرق وسطی، ایران، جزیرہ ہند، شمالی امریکہ، جنوبی مغربی ایشیا اور امریکہ.
سوال نمبر 5: کیا یہ سہولت کسی بھی وقت ٹکٹ بک کرنے کے لئے دستیاب ہے؟
فیصل صدیقی: کورونا وائرس کی وجہ سے پیداہونے والے صورتحال کے پیش نظر یہ خصوصی سہولت 31 مئی 2020 سے پہلے کیے گئے ٹکٹوں کی بکنگ کے لئے دستیاب ہے۔ 01 جون 2020 کے بعد کی جانے والی بکنگ پر یہ سہولت میسر نہیں ہوگی۔
اُردو قاصد سے بات کرتے ہوئے واسا گلوبل کے فیصل صدیقی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی اس صورتحال میں ہم بطور ایک ٹریول ایجنسی صرف معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔ صارفین اور مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ پروازوں سے متعلق جو بھی پیش رفت ہو آپ تک فوری پہنچائی جائے۔