سویڈن کے حالیہ انتخابات میں تین پاکستانی نژاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ان تینوں امیدواروں نے اسٹاک ہوم ریجن میں بلدیاتی سطح جسے سویڈن میں کمیون کہتے ہیں ان میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پارلیمنٹ یا ریجنل کونسل میں کوئی بھی پاکستانی نژاد کامیابی حاصل نہیں کرسکا۔ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب امیدواروں میں برکت حسین لیفٹ پارٹی کی جانب سے سولنتونا سے کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے چوتھی مرتبہ مسلسل کامیاب ہو کر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ برکت حسین کشمیر کمیٹی سویڈن کے صدر اور اخوت فاونڈیشن سویڈن کے نائب صدر بھی ہیں۔ ان کا تعلق پلندری آزادکشمیر سے ہے اور وہ ایک طویل عرصہ سے سویڈن میں مقیم ہیں۔دوسری کامیاب امیدوار کا نام۔سارہ کوکا سلام ہے جنہوں نے سولنا میونسپل سے سوشل ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی۔ وہ اسٹاک ہوم کی ایک معروف کاروباری شخصیت عبدالسلام کی صاحبزادی ہیں۔ سویڈن کے انتخابات میں تیسری کامیاب امیدوار ہادیہ الرحمن میاں ہیں جو ناکا کمیون سے سوشل ڈیموکریٹ پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئیں۔ وہ فضل الرحمان کی صاحبزادی اور ذیشان میاں کی بہو ہیں۔ بوتشرکا کمیون جہاں سے کافی تعداد میں پاکستانی نژاد امیدوار میدان میں تھے لیکن ان میں سے کوئی بھی کامیاب نہیں ہوسکا البتہ شفقت کھٹانہ سوشل ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے متبادل رکن Reserve کے طور پر منتخب ہوگئے ہیں۔سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی بھرپور صلاحتیوں بارے کار لائیں گے اور عوامی خدمت کے لیے مصروف عمل ہوں گے۔
56