38

مرغ دلیم ( چکن حلیم)

اجزائے ترکیبی

1. مرغی بغیر ہڈی ایک کلو
2. گندم ثابت یا ٹوٹی ڈیڑھ کپ
3. چاول آدھا کپ
4. لال مسور دال آدھا کپ
5. ماش دال آدھا کپ
6. مونگ دال آدھا کپ
7. چنا دال آدھا کپ
8. جو آدھا کپ
9. ادرک لہسن پیسٹ دو کھانے کے چمچے
10. پیاز کٹی ہوئی 3عدد
11. لال مرچ پسی ڈیڑھ چمچہ
12. ہلدی ایک کھانے کا چمچ
13. گرم مصالحہ پسا ایک کھانے کا چمچ
14. چاٹ مصالحہ ایک کھانے کا چمچ
15. نمک حسب ضرورت
16. ہرادھنیہ اور پودینہ باریک کٹا ہوا
17. ادرک باریک کٹی ہوئی آدھا کھانے کا چمچ
18. لیموں ایک عدد

ترکیب

1. تمام دالیں، جو اور چاولوں کو اچھی طرح دھو کر کم از کم دو گھنٹے کے لیے بھگو دیں.
2. درمیانی آنچ پر بڑے پریشر کوکر یا بڑے پتیلے میں پیاز اور ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھونیں. تھوڑا تھوڑا پانی چھڑکتے رہیں اور چمچہ برابر چلاتے رہیں. یہاں تک کہ پیاز کا رنگ سنہری مائل ہوجائے.
3. اب اس میں ہلدی، مرچ نمک اور آدھا کپ پانی شامل کریں اور پانچ منٹ تک بھونیں.
4. پھر اس میں مرغی شامل کریں اور اچھی طرح مصالحے کے ساتھ بھونیں اور آدھا کپ پانی مذید شامل کردیں.
5. جب مرغی تقریباً آدھی گل جائے تو اس میں تمام بھگوئی ہوئی دالیں، جو اور چاول ڈال کر پریشر کوکر میں پندرہ منٹ اور پتیلے میں دالوں کے گلنے تک پکائیں. اگر ضرورت محسوس ہو تو آدھا کپ پانی مزید ڈال سکتے ہیں.
6. جب مرغی اور بقیہ اجزاء خوب گل جائیں تو دال گھوٹنی یا کسی مکسرمشین سے خوب اچھی طرح مکس کرلیں کہ تمام اشیاء یکجان ہوجائیں.
7. خوب اچھی طرح مکس کرنے کے بعد اس میں گرم مصالحہ اور چاٹ مصالحہ شامل کریں.
8. پودینہ، ہرا دھنیہ، باریک کٹی ادرک اور لیموں ڈال کر گرم گرم پیش کریں.
9. حلیم کو خالی بھی کھایا جاسکتا ہے اور تندوری نان کے ساتھ بھی کھایا جاسکتا ہے.

غذائی مشورے

1. دالیں ہماری غذا میں بہت اہمیت رکھتی ہیں. دالوں میں ریشہ (فائبر) فولاد (آئرن) لحمیہ (پروٹین) معدنیات (منرلز) حیاتین (وٹامن) اور میگنیشیئم وافر مقدار میں پایا جاتا ہے. ایک وقت دال کھانے سے ہمیں %32 ریشہ(فائبر) حاصل ہوتا ہےجو ہماری ایک دن میں درکار ضرورت کے لیے کافی ہوتا ہے. علاوہ اس کے ریشہ ہماری آنتوں میں جمع فضلے کو باہر نکالنے میں بھی مددگار ہوتا ہے جس کی بدولت قبض کے مرض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے.
2. دالوں میں کولیسٹرول کی مقدار بہت کم ہوتی ہے. جو ذیابیطس اور بڑی آنت (کولون) کے کینسر کے خطرے کوکم کرتی ہیں.
3. دالیں، پھلیاں (بینز) مٹر اور چنے ہمارے جسم میں موجود خراب کولسٹرول کو کم کرنے میں کارآمد ثابت ہوتے . جس سے دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے.
4. تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ دالیں اور پھلیوں کے استعمال سے بڑھتے ہوئے وزن میں کمی بھی لائی جاسکتی ہے. اس میں موجود ریشہ (فائبر) اور لحمیہ (پروٹین) ہماری غذائی صحت کے لیے کافی ہوتا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں