جی ہاں اب آپ اپنے کام کے دوران نماز کا وقفہ لے سکتے ہیں یہ فیصلہ مالمو کی مقامی عدالت نے دیا ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ بلدیہ برومولا کا کام کے اوقات میں نماز پر پابندی عائد کرنا آئین اور مذہب کی آزادی سے متعلق یورپی کنونشن کی دفعات کے منافی ہے۔ اور عدالت اس پابندی کو ختم کرتی ہے۔
پچھلے سال مئی میں بلدیہ برومولا نے کام کے اوقات میں نماز پڑھنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرتےہوئےکام اورمذہب سے متعلق کچھ نئے اصول وضع کیے تھے جن کا اطلاق ہرکام کرنے والے پر تھا چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔ برومولا میں اکثریت رکھنے والی جماعت سویڈش ڈیموکریٹس ،اعتدال پسند کرسچن ڈیموکریٹس اور دیگرمقامی جماعتوں نے اس فیصلے کے حق میں اپنی رائے دی تھی۔
جمعہ کے روز ، مالمو میں عدالت نے اس پابندی کو ختم کرتے ہوئے اس حقیقت کا حوالہ دیا کہ یہ مذہبی آزادی سے متعلق دفعات کے منافی ہے جو حکومت اور یورپی کنونشن کی شکل میں موجود ہے۔
بلدیہ بروملا نے عدالت میں اپنا موقف بیان کرتے ہوئےکہا ہے کہ اسے مکمل طور پر پابندی کے طور پر نہیں سمجھا جانا چاہئے ، بلکہ ان اصول کے دائرہ کار میں انفرادی تشخیص کی گنجائش موجود ہے اس لئے انتظامی عدالت کے فیصلے سے متفق نہیں ہے۔