
تعارف: پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے ۔ اگست 2016 میں اس کو باقائدہ سویڈن میں رجسٹر کیا گیا۔ تنظیم کے بنیادی مقاصد میں سے ایک مقصد اردو کو فروغ دینا بھی شامل تھا۔ اردو زبان ہماری ثقافت کا ایک اہم حصہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان انفارمیشن اینڈکلچرل سوسائٹی سویڈن کی باقائدہ تشکیل کے بعد ہماری پہلی ترجیح نئے لکھنے والوں اور نامور ادیبوں اور شاعروں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جس سے معیاری ادب پڑھنے والوں کو بھی تسکین میسر آئے ۔
اس بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے جب پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی کی ویب سائٹ تیار کی گئی تو اس میں اردو ادب کا سیکشن ڈالا گیا۔ سویڈن میں اردو سے منسلک افراد نے اسے اس قدر سراہاکہ ہمیں ایک اردو کارنر کا سیکشن تشکیل دینا پڑا۔ اردو کارنر کا مقصد اردو ادب و ثقافت پر بحث و تمحیض کے مواقع فراہم کرنا نیز لکھنے پڑھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اس لئے وہ لوگ جو اردو زبان و ادب سے محبت کرتے تھے وہ فورم کی رکنیت حاصل کرنے لگے تاکہ اردو زبان کو نہ صرف سویڈن بلکہ سمندر پار بھی فروغ دیا جاسکے۔ اردو کارنر کے اجراء کے چند دنوں کے بعد ہی یہ سیکشن اردو کے حوالے سے مواد کو ترتیب دینے کے لیے کم پڑنے لگا۔1 دسمبر 2016 کو پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی نے اردو سیکشن کو سب ڈومین کی کی صورت میں ایک مکمل ویب سائٹ میں تبدیل کردیا جس کا نام اردو اوراق رکھا گیا ۔ اردو اوراق کے اجراء کے فوراً بعد اس بات کی ضرورت محسوس ہونے لگی کہ لکھنے والوں اور ایڈیٹر ز کو اس ویب سائٹ پر اختیارات دیے جائیں جس سے فرد واحد پر بوجھ کم ہوسکے اور یوں 21 دسمبر 2016 کو اردو قاصد کا آغاز ہوا ۔ 26 دسمبر 2016 میں اردو قاصد کو پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی کے سب ڈومین سے اپنے ڈومین میں منتقل کر دیا ۔

پہچان: مونوگرام کسی بھی کمپنی یا مصنوعات کی شناخت ہوتی ہے یہ ایک نشان، پرچم یا دستخط ہوتا ہے۔
اردو کارنر سے اردو قاصد کے اس سفر میں ہر مرحلے پر مونوگرام تیار کیے گئے جو دستاویزی شکل میں محفوظ ہیں۔
اردو قاصدکا خوبصورت اور معنی خیز مونوگرام کا خاکہ ایشین ااردو سوسائٹی کے صدر جمیل احسن نے تیار کیا۔ جمیل احسن صاحب کا شمار سویڈن میں آباد اردو کے ان شاعروں میں سے ہے جنہوں نے ہجرت کے بعد نہ صرف اپنے تخلیقی تسلسل کو برقرار رکھا ہوا ہے بلکہ وہ اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے مصروف عمل رہتے ہیں ۔ اس مونوگرام کو پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی کے صدر محمد شہزاد انصاری نے ڈیجیٹل شکل دی جو آج اردو قاصد سویڈن کی ویب سائٹ پر ہماری پہچان ہے۔