سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک متحرک تنظیم پاک سویڈ ویلفئیر اینڈ کلچرل سوسائیٹی نے یوم پاکستان کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان احمد حسین دایو تھے۔ یوم پاکستان کی اس تقریب میں نظامت کے فرائض آصف شبیر نے بہت خوبصورت انداز میں سرانجام دئیے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول اکرم پیش کی گئی۔صدر پاک سویڈ ویلفئر سوسائیٹی عامر جبار ملک نے مہمان خصوصی اور تمام حاضرین کو تقریب میں خوش آمدید کہا۔ تمام شرکاء نے پاکستان کا قومی ترانہ بہت احترام کے ساتھ سنا۔ نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بچوں کے پیش گئے ملی نغموں نے تقریب کو پر رونق بنا دیا۔ تصدق حسین نے اپنی خوبصورت آواز میں ملی نغمے سنا کر خوب سماں پیدا کیا جبکہ جمیل احسن نے یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی نظم پیش کی۔ ایک ہونہار بچی نوشین شاہد نے یوم پاکستان کے حوالے سے پرجوش تقریر کرکے شرکاء سے بھر پور داد تحسین حاصل کی۔ تقریب میں بچوں اور بڑوں سے تحریک پاکستان کے حوالے سے سوالات و جوابات بھی ہوئے۔ میوزیکل چیئر میں نوجوانوں نے بہت پھرتی سے حصہ لیا۔ سفیر پاکستان احمد حسین دایو نے یوم پاکستان کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے اس پْر وقار تقریب کا انقعاد کرنے پر منتظمین کی تحسین کی۔ تقریب میں ملی نغموں میں حصہ لینے والے بچوں اور سوالات کے جوابات دینے والے حاضرین کو انعامات بھی دئیے گئے۔ اختتام میں جنرل سیکرٹری پاک سویڈ ویلفئیر سوسائٹی رفاقت علی چوہدری نے مہمان خصوصی اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
21