38

گورنر بلوچستان کا دورہ سویڈن

تعلیم اور جدید علوم میں دسترس سے ہی اقوام ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ دوسروں کی رائے کے احترام اور برادشت سے معاشرے ترقی کرتے ہیں۔ اسیکنڈے نیویا کے لوگ اپنے مزاج، تاریخی پس منظر اور نسلی اعتبار سے دیگر یورپی اقوام سے بہت مختلف ہیں۔ سویڈن میں پاکستانیوں کے قابل عزت اور اہم مقام پر ہونا ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ ہمارے اس دورہ سے پاکستان اور سویڈن کے درمیان تعلیمی اور سانئسی تحقیق کے شعبہ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی نے سویڈن میں پاکستان کے سفیر جناب احمد حسین ڈھائیو کی جانب سے ایک مقامی رستوران میں دئیے گئے عشائیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سفیر پاکستان کی جانب سے دی گئی ضیافت میں اہم پاکستانی عمائدین شریک تھے جبکہ گورنر بلوچستان کے ہمراہ سویڈن کے دورہ پر آئے ہوئے وفد کے اراکین جس میں بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال بھی شامل تھے۔ سفیر پاکستان احمد حسین ڈھائیو نے گورنر اور ان کے وفد کے اراکین کا تقریب میں شریک پاکستانی عمائدین کا تعارف کرایا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ سویڈن میں مقیم پاکستانی نمایاں خدمات سرنجام دے رہے جس کا اعتراف سویڈش حکومت کے عہدیداران اکثر کرتے ہیں۔ بلوچستان یونیوسٹی کوئٹہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے وفد کے دورہ کی غرض و غائیت سے شرکا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یونیوسٹی کا سویڈن کی معروف بین الاقوامی شہرت یافتہ یونیورسٹی کارولنسکا انسٹیٹیوٹ کے ساتھ معائدہ طے پارہا ہے اور اس معائدہ پر گورنر بلوچستان یونیورسٹی کے چانسلر کی حیثیت سے دستخط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اور اہم موقع ہوگا جب پاکستان کی کسی یونیورسٹی کا سویڈن کی کسی یونیورسٹی کے ساتھ اس نوعیت کا معائدہ ہوگا۔ ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان میں سویڈن کی سفیرIngrid Johansson نے بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہ وہاں کے تعلیم معیار اور تدریسی سرگرمیوں سے بہت متاثر ہوئیں۔ سویڈن کی سفیر نے کارولنسکا انسٹیٹوٹ کے ساتھ ہونے والے معائدہ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں جامعات کے درمیان تعلیمی، تحقیقی اور سائننسی میدان میں قریبی رابطہ ہوگا جس سے ہمیں بہت فائدہ ہوگا۔ مستقبل میں اساتذہ اور طلبہ کے باہمی تبادلے ہوں گے اور اس سے تعاون کی مزید راہیں کھلیں گی۔ دونوں جامعات کے مابین اس معائدہ کے لیے کارولنسکا انسٹیٹیوٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عمران بھگٹی نے اہم کردار ادا کیا جس کے لیے وہ ستائش کے مستحق ہیں۔ تقریب میں شریک شرکا نے پاکستان اور سویڈن کی دو جامعات کے درمیان ہونے والے معائدہ پر اظہار مسرت کیا۔ سفیر پاکستان کے عشائیہ میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور محفل کے شرکا کے درمیان گفتگو اور سوالات کا سلسلہ جاری رہا۔ سفیر پاکستان جناب احمد ڈھائیو اور پاکستانی کمیونیٹی نے تقریب کے بعد گورنر اور ان کے وفد کو پرتپاک انداز میں رخصت کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں