تفصیلات کے مطابق بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم’’ٹیوب لائٹ‘‘ پاکستان میں ریلیز نہیں کی جائے گی۔ کوئی بھی پاکستانی ڈسٹریبوٹر بھارتی فلم ٹیوب لائٹ کی نمائش کیلئے تیار نہیں ہے۔ اس سال عیدالفطر کے موقع پر پاکستان کی دو بڑی فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں جن میں پاکستانی اداکار شان کی فلم یلغار، اور پروڈیوسر سہیل خان کی فلم شور شرابہ شامل ہیں اور قوی امکان ہے کہ مزید پاکستانی فلمیں بھی عیدالفطر پر ریلیز ہوں۔
واضح رہے کہ شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بننے والی پاکستان فلم "یلغار” عید الفطر پر پاکستان سمیت سویڈن کے دارالحکومت میں بڑے پردے کی زینت بنے گی۔فلم کی کہانی سوات کے علاقے پارا چنار میں ہونے والے فوجی آپریشن اور عسکریت پسندوں کے خلاف لڑنے والے حقیقی جانباز سپاہیوں کے گرد گھومتی ہے۔ پچاس کروڑ روپے کے میگا بجٹ میں بننے والی فلم یلغار کی عکس بندی مکمل طور پر پاکستان میں کی گئی ہے۔ اس کو مختلف زبانوں میں ریلیز کرنے کی بھی تیاریاں جاری ہیں اس کے قابلِ ذکر فنکاروں میں شان شاہد، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، بلال اشرف، عائشہ عمر، ثناء بچہ، آرمینا رانا خان، گوہر رشید و دیگر شامل ہیں۔
سویڈن میں پاکستانی برادری کی خاطر خواہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی فلم ڈسٹریبوٹر یہاں کا رخ نہیں کرتے ۔ پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچر سوسائٹی فلم یلغار کی نمائش سٹاک ہوم میں کرا رہی ہے۔ 30 جون بروز جمعہ دوپہر 3 بجے اور 1 جولائی شام 7 بجے فلم ہیوست سٹاک ہوم میں نمائش کی جائے گی۔ قارئیں سے گزارش ہے کہ اس خبر کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں اور تبصرہ کریں اور اپنی رائے سے آگاہ کریں۔