پچھلے ہفتے کہ تعارفی کالم میں ہم نے پڑھا تھاکہ کس طرح انٹرنیٹ نے ہماری روز مرہ کی زندگی، کاروبار اور مواصلات کے طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے۔آج ہم ان تبدیلیوں اور ہمارے لیے آن لائن موجود مواقعوں کا عملی جائزہ لیں گے۔
وہ انٹرنیٹ پر کیا کرتے ہیں؟ اور آپ اپنی کمپنی یا کاروبار کے لیے اس موقع کا فائدہ کیسے اُٹھا سکتے ہیں؟
فرض کیجئے کہ آپ بڑے یا چھوٹے پیمانے پر کوئی کاروبار کر رہے ہیں یا کوئی مصنوع متعارف کروا رہے ہیں، ریسٹورنٹ، ہوٹل، کیفے یا کھانے پینے کے کام سے منسلک ہیں یا دیگر خدمات (سروسز)فراہم کرنے والے کسی پیشے سے وابستہ ہیں یا غیر منافع بخش تنظیم چلا رہے ہیں یہاں تک کہ اگر آپ گلوکار ، فوٹوگرافر،ادیب، شاعر، صحافی یا آرٹسٹ بھی ہوں تو بغیر ویب سائٹ کے آپ ادھورے ہیں۔ ویب سائٹ کے ذریعے آپ اپنی صلاحیتوں، خیالات، اپنے فن، کاروبار اور شخصیت کو دنیا بھر میں متعارف کراسکتے ہیں۔ ڈیجیٹل دنیا میں اپنے وجود کو منوانے کا یہ سب سے سستا اور بہترین ذریعہ ہے۔
بغیر ویب سائٹ کے آپ کی پہنچ صرف ایک محدود طبقے کی حد تک ہو تی ہے ، جبکہ ایک ویب سائٹ بنا کر آپ بے شمار مواقعوں سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔وہ افراد یا ادارے جنہوں نے دنیا کے بدلتے اس ڈیجیٹل رجحان کو محسوس کیا اور اپنے کاروبار کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھال لیا ہے وہ آج ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔
ڈیجیٹل موجودگی کا سب بڑا فائدہ یہ ہے کہ جب کوئی آپ کے کاروبار یا اس سے منسلک کوئی بھی مصنوعات اور سروسز کے بارےمیں سرچ کرے تو آپ بھی سرچ انجن کی اس فہرست میں موجود ہوں ۔ سرچ انجن سے تو تقریبا ہم سب ہی واقف ہوں گے۔ سرچ انجن ایک ایسا پروگرام ہے جس کے ذریعے ہم ویب کی دنیا میں کسی بھی ایک لفظ یا جملے سے مواد تلاش کر سکتے ہیں۔جیسے ہم روزانہ گوگل میں اپنی پسند کی ویب سائٹ ، معلومات وغیرہ تلاش کرتے ہیں۔ گوگل کے علاوہ اور بھی کئی سرچ انجن ہیں لیکن گوگل تمام سرچ انجنز میں سرِفہرست ہے۔
مثال کے طورپر اگر کوئی شخص گوگل پہ photographer stockholm سرچ کرتا ہےاور آپ کی کمپنی اس فہرست میں نظر آتی ہے تو آپ کیسے اس سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں؟ دراصل امکانات بنیادی طور پر لامحدود ہیں۔ جب صارف آپ کی ویب سائٹ کے لنک پر کلک کرتا ہے تو وہ آپ کی ویب سائٹ پر جاکر آپ کے بارے میں بہت کچھ جان سکتا ہے، آپ کی لی گئی تصاویر دیکھ سکتا ہے، آپ کے کام سے مطمئن گراہکوں کے تاثرات پڑھ سکتا ہے، قیمت کی فہرست دیکھ سکتا ہے ، آپ کے اسٹوڈیو تک پہنچنے کے لیے نقشہ دیکھ سکتا ہےیا آپ کی ویب سائٹ پر موجود رابطہ فارم کے ذریعے کچھ سوالات پوچھ سکتا ہے۔ایسا بھی ممکن ہے کہ صارف جماجی رابطوں کے صفحوں پر کلک کر کے تصاویر، تاثرات اور مزید مواد دیکھنا چاہتا ہو جہاں اس کو مطمئن ہونے کے لیے مزید معلومات مل سکے۔ شاید آپ کے لیے ان سبھی فنکشنز کو ابتدائی طور پر شامل کرنا ممکن نہیں ہو، لیکن یہاں بتانے کا مقصد صرف اتنا ہے کہ یہ وہ ذرائع ہیں جن کی مدد سے آن لائن موجودگی ظاہر کی جاسکتی ہے۔
آپ کی آن لائن موجودگی آپ کے ممکنہ گاہکوں کے رجحان کے بارے میں آپ کو معلومات بھی فراہم کر سکتی ہے۔ وہ کیا چاہتے ہیں اور آپ ان کو کیا فراہم کر سکتے ہیں۔آپ ہدف شدہ آن لائن اشتہارات کے ذریعے ان لوگوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں ۔ مثال کے طور پہ آپ کا اسٹوڈیو اسٹاک ہوم شہر میں ہے تو آپ اپنے اشتہارات کو اپنے اسٹوڈیو کے اردگرد ایک مخصوص جغرافیائی دائرے کے اندر محدود کر سکتے ہیں۔ آپ کے اشتہار پر کتنے افراد نے کلک کیا ،کتنے لوگوں نے آپ کی ویب سائٹ دیکھی ، کیا انہوں نے کوئی خاص مصنوعات پر کلک کیا، کس صفحے پر وہ کتنے دیر رُکے، کتنے مرد تھے اورکتنی عورتیں، حتیٰ کے ان کے عمریں کیا تھیں اور بہت کچھ آپ تجزیاتی پینل ( Analysis Tool )کے ذریعے جان سکتے ہیں۔
ہے نا دلچسپ ٹول؟ اب سوال یہ ہے کہ شروعات کہاں سے کی جائے؟ شروعات میں آپ کو کچھ اہم چیزوں کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ سب سے پہلے :
1. ویب ، موبائل اور دیگر ڈیوائسز ، سوشل میڈیا اور اس کے علاوہ کئی اور متبادل موجود ہیں ۔ سب اس پر منحصر ہے کہ آپ کیا شروع کرنا چاہتے ہیں اور کیا حاصل کرنا چاہیے ہیں۔
2. پھر آپ کے پاس تکنیک اور خاطر خواہ مواد موجود ہے۔
3. اس بات کا تعین کریں کے ویب سائٹ کو تیار کرنے کی تکنیکی اور تخلیقی صلاحیت آپ کے پاس ہے ۔( یہ ایک فل ٹائم جاب ہے اور آغاز میں آپ کو بہت زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے )
4. یا اس کے لیے آپ پیشہ ورانہ مدد حاصل کریں گے ۔( جس میں پیسے کی ضروت ہے۔)
5. آخر میں غور کریں کے قیمت اور وقت میں سے آپ کیا دے سکتے ہیں۔ واضح اور ایک حقیقت پسندانہ بجٹ اور مناسب شڈول کا تعین کریں۔
ہزاروں چھوٹے کاروبار روزانہ ویب کا فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔ صرف ایک اچھی ویب سائٹ کے ذریعے دنیا کہ کسی بھی حصے میں کاروبار کرنے کے مواقع موجود ہیں اور جس کو نظر انداز کرنا مشکل ہے۔