پاکستانی نژاد امریکی ریسلر مصطفی علی ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بن گئے ہیں ٗشکاگو میں پیدا ہونے والے مصطفی علی پاکستان سے تعلق رکھنے والے پہلے ریسلر ہیں جو ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے ہیں اور انہیں اس کمپنی کے نئے شو 205 لائیو کے لیے کنٹریکٹ دیا گیا ۔یہ نیا شو 29 نومبر کو شروع ہوا جس میں شرکت کرنے والے تمام ریسلرز کروزر ویٹ کیٹیگری سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا وزن بھی 205 پونڈز سے زیادہ نہیں ہوسکتا۔اس شو کی دوسری قسط (آج)6 دسمبر کو پرنس مصطفی علی ممکنہ طور پر پہلی بار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ڈبلیو ڈبلیو ای کے رواں سال ہونے والے ایک ریسلنگ ٹورنامنٹ کروزر ویٹ کلاسیک کے ذریعے مصطفی علی کی اس کمپنی میں انٹری ہوئی تھی ٗیہ 32 افراد کا ٹورنامنٹ تھا جس میں دنیا بھر کے ریسلرز کو شریک کیا گیا جن میں سے ایک مصطفی علی بھی تھے ایک انٹرویو کے دوران مصطفی علی نے بتایا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں لڑنا میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے،
یہ وہ خواب ہے جس کے ساتھ میں بڑا ہوا، اس کے لیے میں 13 برسوں سے کوشش کررہا تھا، اسی کے لیے میری ہڈیاں ٹوٹیں، متعدد تقریبات کو فراموش کیا، ڈبلیو ڈبلیو ای کے رنگ میں کھڑے ہونے کے لمحے کے جذبات بیان کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں۔انہوںنے کہاکہ مجھے مسلمان اور پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور میں چاہتا ہوں کہ امریکا مجھے قبول کرے، میں اس حقیقت پر روشنی ڈالنا چاہتا ہوں کہ ہم سب ایک ہیں۔
