52

” ویستروس میں تقریب افطار”

کسی بھی معاشرے میں اجتماعی سرگرمیاں ایک مفید اور صحت مند ماحول کی تشکیل میں خاصی مددگار ثابت ہوتی ہیں. اسلامی تعلیمات میں بھی اس بات کو بے حد اہمیت حاصل ہے کہ معاشرے کے افراد ایک دوسرے سے وابستگی رکھیں جس سے آپس میں نہ صرف باہمی تعاون کی حس پیدا ہوتی ہے بلکہ بغض وعناد، ،انتشار، بدخواہی، بے حسی اور لاتعلقی جیسے عناصر کو بھی دور کرنے کا موقع ملتا ہے. اسی بات کے پیش نظر، اجتماعی سرگرمیوں کا انعقاد ہم پاکستانیوں کی روایت میں ہمیشہ شامل رہا ہے. مذہبی تہوار ہوں یا قومی، دونوں ہی میں اس کی اہمیت برقرار رہتی ہے لیکن رمضان المبارک کے مہینے میں اس کا اہتمام ” تقریب افطار” کی صورت میں خصوصی جوش و جذبے کے ساتھ کیا جاتا ہے. جس میں عزیزوں،رشتے داروں،دوست احباب اور پڑوسیوں کو مدعو کر کے ان کا روزہ افطار کرایا جاتا ہے. علاوہ ازیں صاحب حیثیت افراد کی جانب سے مساجد و امام بارگاہوں میں بھی عوام الناس اور غریب و غرباء کے لئے افطارو سحری کا معقول انتظام کیا جاتا ہے.
ملک میں رہنے والوں کے ساتھ ساتھ پردیس میں رہنے والے پاکستانی بھی اس روایت کو قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں. اسی سلسلے میں روز گذشتہ سویڈن کے شہر ویستروس میں رہنے والی پاکستانی برادری نے پاکستانی ایسوسی ایشن (پی. کے. ایف. وی) کے زیرانتظام تقریب افطار کا اہتمام کیا جس میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی باہمی تعاون کا بہترین مظاہرہ کیا. اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر پاکستانی ایسوسی ایشن ویستروس کے صدر جناب محمود ضیاء الدین اور اراکین ایسوسی ایشن ستائش کے مستحق ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں