سویڈن کے شہر ویستراس میں مقیم پاکستانیوں نے 25 اگست ہفتے کی شام عید قرباں کے حوالے سے عید ملن منائی. جس کا اہتمام پاکستان کلچرل ایسوسی ایشن ویستراس (پی. کے.ایف.وی) کی جانب سے کیا گیا تھا. تقریب میں بچوں اور بڑوں سمیت سب کے لیے رنگا رنگ سرگرمیاں دیکھنے کو ملیں. جن میں 6 سال سے کم عمر بچوں کے لیے میوزیکل چیئر اور بڑے بچوں کے لیے دوڑ کا اہتمام شامل تھا. علاوہ ازیں مردوں اور شادی شدہ جوڑوں کے درمیان بھی کچھ دلچسپ سرگرمیاں رکھی گئیں تھیں جس نے تقریب کو خوب رونق بخشی. تقریب کا اختتام پاکستان سے محبت کے اظہار میں ملی نغمہ جیوے جیوے پاکستان گا کرکیا گیا جس نے حاضرین محفل کے دل موہ لیے. ویستراس میں رہنے والے پاکستانیوں نے ایسوسی ایشن کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو خوب سراہا جبکہ ایسوسی ایشن کے اراکین نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس طرح کی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھنے کا اعادہ کیا جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھنے کا ذریعہ ہوتی ہیں.
