لاہور (قیصر چوہان) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ روابط کی بحالی میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک نریندر مودی برسراقتدار ہیں دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین دوطرفہ سیریزنہیں ہوپائے گی،نریندر مودی کی ذہنیت پاکستان کے حوالے سے بہت زیادہ منفی ہے، مودی کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات خراب ہورہے ہیں۔اپنے ایک انٹرویو میں شاہدخان آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں مکمل واپس لانے کا کریڈٹ پی سی بی کو جاتا ہے،کراچی،لاہور،راولپنڈی اورملتان میں میچزکھلاڑیوں اور شایقین کیلئے بھی بہت زبردست بات ہے لیکن اب پی ایس ایل میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ مزید شہروں میں بھی میچز کرائیں جائیں، اس سے پاکستان سپرلیگ مزید مضبوط ہوگی۔شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں ملتان سلطانزکا حصہ بن کر بہت خوش ہوں، لوگ اس ٹیم کو زیادہ اہمیت نہیں دے رہے لیکن ہمارے پاس موجود باصلاحیت پلیئرزکسی بھی ٹیم کوشکست دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں،میری فٹنس اورفارم میں خاصی بہتری آئی ہے، کوشش ہوگی کہ آئندہ میچز میں شائقین کی توقعات پر پورا اتروں۔
