ناروے: معروف تجزیہ نگار، صحافی اور کالم نویس ہارون رشید سکون کے پروگرام میں شرکت کے لیے ناروے میں موجود ہیں۔ گزشتہ روز ان کی ملاقات ناروے میں سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود صاحبہ سے ہوئی ۔ ملاقات سفارت خانہ پاکستان ، ناروے میں ہوئی جس میں ہارون رشید، سکون کے صدر شاہد جمیل اور میاں طارق، نوید ظفر، ساجد عمران، شاہ رخ نے شرکت کی۔ شاہد جمیل نے نمائندہ اردو قاصد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نشست تقریبا 1 گھنٹہ جاری رہی جس میں مختلف امور پر بات جیت کی گئی اور خاص طور پہ کشمیر ، پاکستان ناروے تعلقات اور تجارتی امور پر تفصیلی گفتگو اس ملاقات کے دوران ہوئی۔
ناروے میں قائم فلاحی تنظیم سکون کی دعوت پر معروف تجزیہ نگار ہارون رشید اسکینڈے نیویا کا دورہ کرہے ہیں اور پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی سویڈن کے تحت مورخہ ٨ اپریل بروزہفتہ تین بجے سٹاک ہوم کے نواحی علاقہ فتیا کے سکول میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام میں خواتین بھی شرکت کریں گی۔ ان کے بے باک تبصروں اور پاکستان کی سیاست کے بارے میں غیر جانبدارانہ اور حقائق پر مبنی ٹھوس رائے رکھنے کی وجہ سے وہ ایک معتبر تجزیہ نگار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی سویڈن آمد کے حوالے سے بہت جوش و خروش پایا جارہا ہے او ر پاکستانی کمیونٹی انہیں سننے لئے بھر پور شرکت کرے گی۔