205

ملالہ کو کینیڈا کی شہریت مل گئی

سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسف زئی کوآج کینیڈا کی اعزازی شہریت سے نوازا گیا۔ ملالہ اعزازی کینیڈین شہریت ملنے والی دنیا کی چھٹی شخصیت ہیں اور اس کے ساتھ ہی وہ 12 اپریل کو کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین خاتون بھی بن گئی ہیں۔ کنیڈین وزیر اعظم کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی خصوصی دعوت پر ملالہ یوسف زئی نے 12 اپریل کو کینیڈا کا دورہ کیا، اپنے دورے میں کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب کے علاوہ انہیں ملک کی اعزازی شہریت سے بھی نوازا گیا جس کا 2014 میں کینیڈا کی پارلیمنٹ نے اعلان کیا تھا۔
جسٹس ٹروڈو نے اپنے بیان میں ملالہ یوسف زئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ کی کہانی عزم و وقار کی داستان ہے، ملالہ نے ہمت و بہادری سے حالات کا مقابلہ کیا اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ان کی وکالت نے پوری دنیا میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ ملالہ یوسف زئی کو کینیڈا کی اعزازی شہریت دینا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈین پارلیمنٹ نے اکتوبر 2014 میں ملالہ یوسف زئی کو اعزازی شہریت دینے کا اعلان کیا تھا۔ ملالہ سے قبل دنیا کی صرف 5 شخصیات کو کینیڈا کی اعزازی شہریت سے نوازا گیا ہے جن میں نیلسن مینڈیلا، راول والنبرگ، دلائی لامہ، آنگ سانگ سوچی اور سر آغا خان شامل ہیں۔
سورس ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں