55

عید الفطر : اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کے شکرانے کا جشن

تہوار قوموں کی علامت اور پہچان ہیں با شعور قومیں اپنے تہوار اپنے مذہبی اطوار سے مناتی ہیں اور اس سے انکی ثقافت اور مذہب کی عکاسی ہوتی ہے
رمضان المبارک کے روزے رکھنے کے معنی الله کی بندگی کے فریضے کی ادائیگی ہے۔ مومن اپنے اس فرض کو ادا کر لینے پر روح کی مسرت کا اظہار کرتا ہے۔ اورمسلمان ہونے کی حثیت سے خوشی اور شکرانے کے جذبات پیدا ہونا ایک فطری بات ہے اسی جذبے کا مظہر عیدالفطر کہلاتا ہے
عید کے معنی خوشی ،مسرت یا جشن کے ہیں یعنی خوشیوں بھرا دن جبکہ فطر کا مطلب روزہ کھولنے کے ہیں اس طرح عیدالفطر وہ انعام ہے جو امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوںوالے مہینے کے بعد عطا ہوا ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ “روزہ میرے لئے ہے اور میں اس کا اجر دونگا” حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ آپﷺ نے فرمایا “جب شب قدر ہوتی ہے تو جبرائیل فرشتوں کی جماعت میں اترتے ہیں اور ہر اس کھڑے بیٹھے بندے پر جو الله کا ذکر کرتا ہے سلام بھیجتے ہیں۔ جب عید کا دن ہوتا ہے یعنی عیدالفطر کا دن تو الله ان بندوں سے فرشتوں پر فخر کرتے ہوئے فرماتا ہے : اے میرے فرشتو ! اس مزدور کی اجرت کیا ہونی چاہیے جو اپنے کام پورا کردے؟ وہ عرض کرتے ہیں : الٰہی اس کی اجرت یہ ہے کہ اسے پورا پورا آجر دیا جائے۔ الله تعالیٰ فرماتا ہے اے میرے فرشتو ! میرے بندوں اور بندیوں نے میرا وہ فریضہ پورا کردیا ہے جو ان پر تھا پھر وہ دعا میں دست طلب دراز کئے ہوے نکل پڑے ( الله نے فرمایا ) مجھے اپنی عزت،اپنے جمال، اپنی بلندی اور رفعت مکانی کی قسم : میں ان کی دعا ضرور قبول کرونگا۔ پھر اپنے بندوں سے فرماتا ہے : لوٹ جاؤ میں تمہیں بخش دیا اور تمہاری برائیوں کو نیکیوں میں بدل دیا۔ فرمایا : پھر یہ لوگ بخشے ہوئے لوٹتے ہیں
رمضان کے اختتام پر آنے والی یہ رات خصوصی برکتوں اور سعادتوں کی حامل ہے یہ ہماری کم نصیبی ہے کہ اس بابرکت رات کو شاپنگ کی نظر کر دیتے ہیں اور اس کی فیض وبرکات سے محروم رہتے ہیں۔ عیدالفطر کی رات کی طرح دن کی بھی بہت فضیلت ہے یہ دن دعاؤں کی قبولیت کا دن ہے اسلام میں سب سے پہلے عید کی نماز ہجرت کے پہلے سال ادا کی گئی۔عیدالفطر کے دن صدقہ الفطر کی ادائیگی اور نماز عید کے واجب اعمال کے ساتھ ساتھ اس دن کرنے کے بہت سے مسنون مستحب اعمال بھی ہیں
اگر کوئی شخص عید کی جماعت میں شامل نہیں ہوسکا تو اب اس نماز کو الگ نہیں پڑھ سکتا اور نہ ہی اسکی کوئی قضا یا کفارہ ہے البتہ اس شخص کو استغفار کرنا چاہیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں