سٹاک ہوم (شہزاد انصاری) سویڈن کی شدید سردی اور برفباری سویڈن میں مقیم کرکٹ کے مداحوں پر اثر انداز نہیں ہوتی. سویڈن میںکرکٹ کے مداح خاص طور پر جن کا بنیادی تعلق جنوبی ایشیائی ممالک پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور کرکٹ کھیلنے والے یورپی ممالک سے ہے ، اپنی پریکٹس سردی کے موسم میں ان ڈور جاری رکھتے ہیں. اتنا ہی نہیں بلکہ سردی کے موسم میں ان ڈور ٹورنامنٹز کاپورے جوش و خروش سے احتمام بھی کیا جاتا ہے. گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سویڈش کرکٹ فیڈریشن کی انتھک کاوشوں کی بدولت کرکٹ کے فروغ میںخاطر خواہ اضافہ صاف دیکھا جاسکتا ہے.
اپنی اسی روایت کو قائم رکھتے ہیں آلبی کرکٹ کلب پچھلے سال کی طرح اس سال بھی ان ڈور کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کر رہی ہے. MITT ALBYسُپر سکسز 11اور 12 مارچ بروز ہفتہ و اتوار بتشرکا ہالن میںصبح 10 بجے شروع ہورہا ہے. جس میں آلبی کرکٹ کلب اور آئی دیسی ٹیم سمیت یورپ بھر کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں.
اردو قاصد سے بات کرتے ہوئے آلبی کرکٹ کلب کے چیئرمین اعظم خلیل نے بتایا کہ اس سال ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 12000سویڈن کراون کا کیش انعام دیا جائےگا جبکہ رنراپ ٹیم کو 2500سویڈن کراون کی رقم پیش کی جائے گی. اس ٹورنامنٹ کے فائنل کی کوریج آپ آئی دیسی چینل پر براہ راست دیکھ سکیں گے.
