سٹاک ہوم سٹڈی سرکل کا ایک سو تیسواں ماہانہ درس قرآن حسب سابق ڈاکٹر عارف محمود کسانہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ۔ قرآن حکیم کو مضامین کے اعتبار سے سمجھنے اور دور حاضر کے مسائل کو اس کی روشنی میں حل کرنے کی یہ کوشش تیرہ سال سے باقاعدگی سے جاری ہے۔ اس ماہ منعقد ہونی والی نشست کاعنوان معصیت اور گناہ کے بارے میں قرآنی احکامات اور عملی زندگی میں اس کے اثرات تھا ۔ ڈاکٹر عارف محمود کسانہ نے اس موضوع پر آیات قرنی کو سلائینڈز کی صورت میں پیش کرتے ہوئے ان کی وضاحت کی۔ بنگلہ دیشی نژاد سکالر سید شوکت علی نے صلوٰة کے بارے میںتفصیلی گفتگو کرتے ہوئے عملی زندگی میں اس کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ قرآنی اصطلاحات کو سمجھنا نہایت ضروری ہے اور جہاں تک ممکن ہو ان کا ترجمہ کرنے کی بجائے اصل الفاظ کو ہی اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے نے نکاح کے بارے میں قرآنی احکامات کی تشریح کرتے ہوئے کہ نکاح کے ان مقاصد کو سمجھنا چاہیے جو قرآن حکیم نے بیان کئے ہیں اورکہ نکاح کی شرائط اور مسنون طریقہ کار ہی پیش نظر ہونا چاہیے۔ محفل شریک محمد ارسلان نے شرکاءکو بتایا کہ انہوں نے Learnquran.tv کے نام سے قرآن حکیم سیکھنے کے لئے ایک انٹرنیٹ اور موبائل فون کے لئے ایک پروگرام تیا ر کیا ہے جس سے مفت استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارف کسانہ کی بچوں کے لئے لکھی گئی کتاب سبق آموز کہانیاں کا سویڈش زبان میں شائع ہونے والے ترجمہ کا تعارف پیش کیا گیا۔ اس کتاب کا دنیا کہ بہت سی زبانوں میں ترجمہ شائع ہوچکا ہے اور سویڈن میں رہنے والوں کی خواہش تھی کہ اسے سویڈش زبان میں بھی پیش کیا جائے تاکہ یہاں رہنے والے بچے اس کتاب کا پڑھ کر دین اسلام کی بنیادی باتیں سمجھ سکیں۔ شرکاءمحفل نے اس کوشش کو بہت سراہا کہ اب یہ کتاب سویڈش زبان میں دستیاب ہے جس سے بچے اور والدین فائدہ اٹھائیں گے۔
