48

سٹاک ہوم : امام علی مسجد میں آتشزدگی

سٹاک ہوم(سائیں رحمت علی):گذشتہ شب ، سٹاک ہوم میں امام علی مسجد کو نامعلوم افراد نے آگ لگا دی۔ فائر برگیڈ اور پولیس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔اب تک کی اطلاات کے مطابق آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا ہے اورکوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مسجد کی عمارت اور اندرونی حصہ جلنے کی وجہ سے مالی نقصان کا اندازہ لگایا جارھا ہے۔پولیس کے مطابق مسجد کے دفاتر مکمل طور پر آگ سے جل چکے ہیں اور صرف مہمان خانہ آگ سے محفوظ رہا ہے۔مسجد کی دوبارہ تعمیر میں کافی عرصہ درکار ہے ۔
پولیس کے مطابق یہ کوئی مجرمانہ کارروائی ہے تاہم حتمی طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ آگ لگانے والوں کے کیا مقاصد تھے۔
امام علی مسجد شیعہ مسلک کی سب سے بڑی مسجد ہے جو کہ سٹاک ہوم سینٹر سے 20 کلو میٹر کے فاصلہ پر ییر فیلہ کمیون میں واقع ہے۔ اس مسجد میں درس و تدریس کا سلسلہ علمائے دین کی نگرانی میں ہوتا ہے۔ جمعہ اور دیگر نمازیں باقاعدگی سے پڑھائی جاتی ہیں۔ عید میلاد النبی اور دیگر دینی تقریبات شیعہ اور سنی مل کر کرتے ہیں۔
اس مسجد کوماضی میں بھی کئی دفعہ آگ لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔ جائے حادثہ پر موجود تمام مسلمانوں نے سویڈش پولیس پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پولیس جلد از جلد مجرمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے گی۔
تمام مسالک کے افراد نے اس واقعہ پر غم وغصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ اس موقع پر ہم سب میں اتفاق و اتحاد ہے۔
پولیس کے مطابق یہ نہایت ہی قابل افسوس واقعہ ہے۔سو یڈن میں بسنے والے تمام لوگوں کو اپنے اپنے دین کی پریکٹس کی مکمل آزادی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں