سٹاک ہوم (عارف کسانہ) میانما ( برما) میں روہنگا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کے لئے سویڈش پارلیمنٹ کے سامنے منٹ سکوائر پر ایک مظاہرہ مورخہ 13 جون بروز منگل صبح 9 بجے سے 1130 بجے تک کیا جائے گا۔ یہ مظاہرہ میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی کے سویڈن کے دورہ کے موقع پر کیا جائے گا جس میں وہ سویڈش وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گی۔ میانمار میں روہنگا مسلمانوں پر مظالم جاری ہیں۔ سب تک ہزاروں افراد شہید کردیے گئے ہیں اور لاکھوں بے گھر ہیں۔ حکومتی سرپرستی میں ان پر ہونے والے مظالم کی انسانیت سوز تصاویر اور ویڈیوز دیکھی بھی نہیں جاسکتیں۔ آنگ سان سوچی میانمار کی حکومت کی قائد اور اسٹیٹ کونسلر ہیں لیکن وہ ان مظالم پر چشم پوشی کررہی ہیں۔ انہیں ماضی میں امن کا نوبل انعام بھی مل چکا ہے لیکن وہ اپنے ملک میں قیام امن کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کررہی ہیں۔ سویڈش روہنگا ایسوسی ایشن کے صدر ابوالکلام نے سٹاک ہوم میں مقیم پاکستانیوں سے خصوصی درخواست کی ہے کہ وہ 13 جون کو سویڈش پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والے اس احتجاجی مظاہرہ میں بھر پور شرکت کرکے روہنگا کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔
