88

سویڈن کے قومی ترانے کا پہلی بار اردو میں ترجمہ

سویڈن کے قومی دن کے حوالے سے تحریر جس میں سویڈن کے قومی ترانے کا پہلی بار اردو میں ترجمہ کیا گیا۔ یہ کالم دو سال قبل 6 جون 2016 کو روزنامہ اوصاف لندن، روزنامہ کشمیر ایکسپریس اسلام آباد، روزنامہ طاقت لاہور اور دیگر کئی اخبارات و جرائد میں شائع ہوا۔ قارئین اردو قاصد کے لیے قند مکرر پیش خدمت ہے۔

چھ جون کو سویڈن کا قومی دن منایا جاتا ہے ۔ یہ دن جدید سویڈن کے معمار اول سمجھے جانے والے بادشاہ گستاف واسا کی ۱۵۲۳ء میں ہونے والی تخت نشینی کی یاد میں منایا جاتا ہے اور اس دن کا آغاز ۱۹۱۶ء سے ہوا جب سویڈن میں اولمپک کھیلیں منعقد ہوئیں۔ شروع میں یہ قومی دن نہیں تھا بلکہ اسے یوم پرچم کے نام سے منایا جاتا تھا اور اس دن سرکاری چھٹی بھی نہیں تھی۔ ۱۹۸۳ء سے سویڈش پارلیمنٹ نے اسے قومی دن قرار دیا لیکن سرکاری چھٹی ۲۰۰۵ء سے شروع ہوئی۔ چھ جون کو چھٹی دینے کے لئے مئی میں ہونے والی  کی چھٹی ختم کی گئی۔ اب یہ دن سرکاری اہتمام سے منایا جاتا ہے ۔ نیلے اور پیلے رنگ کے پرچم لہرائے جاتے ہیں ۔ سٹاک ہوم میں دنیا کے سب سے بڑے کھلی فضا والے عجائب گھر میں بادشاہ سلامت تقریب کے مہمان خصوصی ہوتے ہیں جہاں تمام ممالک کے سفیر بھی موجود ہوتے ہیں۔ فضاؤں میں سویڈن کے قومی ترانے کی گونج ہوتی ہے۔ یہ ترانہ رچرڈ دیبیک نے ۱۸۴۴ء میں لکھا اور ۱۸۹۰ء میں اسے قومی ترانے کی حیثیت سے اختیار کیا گیا۔ سویڈن کا قومی اس ملک کے قابل فخرماضی اور روشن مستقبل کی عکاسی کرتے ہوئے جذبہ حب الوطنی ابھارتا ہے۔ اس میں وطن کی توتعریف اور محبت کے لئے وہی جذبات ہیں جو پاکستان کے ملی نغموں سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد اور اے وطن پاک وطن میں ہیں ۔ اس ترانے کا اردو ترجمہ میرے مطابق کچھ یوں ہے ۔ سویڈن کی سرزمین کو مخاطب کرتے ہوئے شاعر کہتا ہی کہ

تو قدیم ہے اور بے شک تو آزاد ہے۔ تیرے شمال کا پروقار پہاڑی سلسلہ۔ تیری پرسکون فضاؤں کو سلام
تیری سوہنی دھرتی، روئے زمین کا حسین ترین خطہ، تیرا سورج، تیرا آسمان، تیری سر سبز زمین۔ تو زمانہ قدیم کے عظیم دور کا مظہر
دنیا بھر میں تیرے نام کے توقیر کی دھوم ۔ میں جانتا ہوں تو ایسے ہی ہے اور ہمیشہ رہے گا۔مجھے جینا بھی یہیں ہے اور مرنا بھی اسی شمالی خطہ ارضی میں ہے
میں ہمیشہ تجھے سنواروں گا اے میرے پیارے وطن۔قسم ہے موت تک تیرا وفا دار رہوں گا تیری ارض وطن کی حفاظت کے لئے جسم و جاں قربان
تیرا پرچم ہمیشہ سر بلند رہے، معزز رہے۔ خدا کی قسم اس گھر کے لیئے لڑوں گا اور سب کچھ کروں گا ۔ سویڈن، میرے محبوب وطن تیری مٹی کے لئے.
تجھے پوری دنیا کے عوض بھی نہ دوں، کبھی نہ دوں۔ اے میرے محبوب وطن میرا جینا بھی تیرے لئے اور مرنا بھیتیرے لئے ہے۔ اسی شمالی سرزمین کے لئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں