رپورٹ اور تصاویر: عارف محمود کسانہ: سویڈن کی ولی عہد شہزادی وکٹوریا کی چالیسویں سالگرہ کی تقریب شاہی محل سٹاک ہوم میں منعقد ہوئیں۔ یہ تقریب صبح دس بجے اولڈ ٹاون سٹاک ہوم میں واقع شاہی محل میں پوری شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں سویڈن کے بادشاہ اور ملکہ نے بھی شرکت کی۔ دیگر مہمانوں میں شاہی خاندان کے افراد، اہم عمائدین اور دیگر ممالک سے معزز مہمان شریک ہوئے۔ سالگرہ کی اس تقریب کی پیش نظر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے اور کئی مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں سے گذارا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں کو بھی سخت سیکورٹی اور جانچ پڑتال کے بعد شاہی محفل میں لے جایا گیا۔ میڈیا نے جب انہیں سالگرہ کی مبارک دی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آج کیسا محسوس کررہی ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ بہت خوش ہیں۔ شہزادی وکٹوریا اور دیگر مہمانوں کی آمد کے ساتھ ہی شاہی بینڈ نے روایتی انداز میں دھنیں بکھیر کر تقریب کو پر رونق بنا دیا۔ شاہی محل کے باہر عوام کی بڑی تعداد انہیں مبارک باد دینے کے لئے کھڑی تھی جنہیں دیکھ کر شہزادی نے ہاتھ ہلا کر ان کا شکریہ ادا کیا۔ شاہی محل کے ساتھ واقع شاہی گرجا گھر میں دعائیہ تقریب سے سالگرہ کا آغاز ہوا جس بعد تمام معزز مہمان شاہی محل میں تشریف لے گئے جہاں سالگرہ کی باقی تقریب کا سلسلہ جاری رہا۔ آج دن ایک بجے شہزادی سٹاک ہوم شہر اور عوام سے سالگرہ کی مبارکباد وصول کریں گی۔ ان کا قافلہ شاہی محل سے ایک بجے شروع ہوگا اور درج ذیل مقامات سے ہوتا ہوا ہوستیلت پر اختتام پزیر ہوگا.
Slottsbacken Slottskajen Norrbro Gustav Adolfs torg Fredsgatan Tegelbacken Vasagatan Kungsgatan Birger Jarlsgatan Hovstallet
سہ پہر وہ سویڈن کے دوسرے بڑے جزیرے Öland جائیں گی جہاں ان کی سالگرہ کی باقی تقریب منائی جائے گی۔ وہاں وکٹوریا فاونڈیشن کی جانب سے وہ بوری ہولم میں انعامات بھی تقسیم کریں گی۔