23

سویڈن میں سفیر پاکستان احمد حسین دایو نے بہتر کارکردگی کے لئے اپنا مشن FEAT جاری کردیا

سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونیٹی کو درپیش مسائل اور دیگرمعاملات پر تبادلہ خیالات کے لئے ڈاکٹر عارف محمود کسانہ نے اورسیز پاکستانیز ایڈوائزری کونسل کے سویڈن سے رکن کی حیثیت سے سفیر پاکستان عزت مآب احمد حسین دایو سے تفصیلی ملاقات کی۔ سفارت خانہ پاکستان میں ہونے والی اس ملاقات میں بہت سے امور زیر بحث آئے اور سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کو سفارت خانہ سے متعلقہ معاملات اور انہیں مزید بہتر بنانے کے سلسلہ میں مثبت گفتگو ہوئی۔ عارف محمود کسانہ نے موجودہ حکومت کی جانب سے پاکستان کے لیے آن لائن ویزہ کے اجرا ءکو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کیا کہ اس سے نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانی پس منظر رکھنے والوں کو سہولت میسر آئی ہے بلکہ غیر ملکی شہری بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں جس سے پاکستان میں سیاحت اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔ سویڈن میں پاکستانی سفارت خانے کا کونصلر سیکشن یہ آن لائن ویزہ چند گھنٹوں میں جاری کررہا ہے جو قابل ستائش ہے۔ سفارت خانہ پاکستان سٹاک ہوم عوام کی خدمت کے لئے مستعد ہے اور عوام میں سے کسی کو بھی سفارت خانہ کے کسی بھی اہلکار کے خلاف مالیاتی بدعنوانی کی شکائیت نہیں جو دیگر سفارت خانوں کے لئے قابل تقلید مثال ہے۔سویڈن اور فن لینڈ کے لئے سفیر پاکستان جناب احمد حسین دایو سے ملاقات میںا ورسیز پاکستانیز ایڈوائزری کونسل کے رکن عارف محمود کسانہ نے ہنگامی صورت حال میں ویزہ کے اجرا ءکا معاملہ پیش کیا اور کہا کہ پاکستان میں کسی عزیز کے انتقال یا کسی اور شدید ہنگامی صورت میں چھٹی کے دنوں میں بھی فوری ویزہ دیا جائے ۔ علاوہ ازیں کسی بھی پاکستانی کو سفارت خانہ کے دفتری اوقات کے علاوہ اگر غیر معمولی حالات میں مدد کی ضرورت ہے تو ایک ایمرجنسی ٹیلی فون نمبر ہونا چاہیے جس کے ذریعہ وہ سفارت خانہ سے رابطہ کرسکے۔ سفارت خانہ میں آنے والوں کے لئے انتظار گاہ میں میں پینے کے پانی اور چائے کافی کی سہولت بھی میسر ہونی چاہیے۔ سفیر پاکستان جناب احمد حسین دایو نے ان تمام امور سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ انہیں قابل عمل ہونے کا جائیزہ لیں گے اور احکامات صادر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظار گاہ میں بچوں کے لئے کھلونے اور دیگر اشیاءمہیا کردی گئی ہیں تاکہ بچے دقت محسوس نہ کریں۔ پاکستانی کمیونیٹی کو سفارت خانہ کی جانب سے زیادہ سے سہولتیں دینے کا سلسلہ جاری ہے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں کو کارکردگی بہتر بنانے اور اس ضمن میں کوئی خاص منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سفیر پاکستان جناب احمد حسین دایو نے اس کے حوالے سے اپنا مشن FEAT کی صورت میں پیش کیا ہے جو چار امور کا احاطہ کرتا ہے۔ F سے مراد سفارت خانہ میں آنے والوں کو دوستانہ ماحول پیش کرنا جبکہ E موثر کارکردگی ہے۔ Aکا مطلب سفارت خانہ آنے والوں کو مکمل آٹو میشن مہیا کرنا جس کے تحت فیس کی کریڈٹ کارڈ سے وصولی، فوٹوکاپی، انگوٹھے کے نشانات اور دیگر چیزیں شامل ہیں اور T سے مراد مکمل شفافیت اور کسی قسم کی بھی بدعنوانی سے پاک ماحول مہیا کرنا ہے۔ عارف محمود کسانہ نے اورسیز پاکستانی کونسل کے نمائندہ کی حیثیت سے ان اقدامات کے لئے سفیر پاکستان احمد حسین دایو کا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہا رکیا ہے سفارت خانہ اور کمیونیٹی کا دوستانہ ماحول پاکستان کی نیک نامی کا باعث ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں