سٹاک ہوم (عار ف کسانہ؍ نمائندہ خصوصی) سویڈن کی ایک مسجد پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ گیا ۔ یہ حملہ ہفتہ کے روز صبح آٹھ بجے سٹاک ہوم کے علاقہ بریدنگ کی مسجد پر کیاگیا۔ واقعات کے مطابق نا معلوم اافراد نے مسجد کی دیوار پر نازی نشان اور نعرہ تحریر کیا کہ مسلمانوں کو قتل کردو ۔ حملہ آوروں نے مسجد کے بیرونی دورہ میں پٹاخے چھوڑے جس سے دھماکہ کی آوازیں سنائی دیں۔ مسجد کمیٹی کے صدر اوہان کاران کے مطابق اس وقت مسجد میں صرف ایک شخص موجود تھا جو بہت خوف ذدہ ہوگیا ۔ دھماکہ خیز مواد سے مسجد میں دھواں بھر گیا لیکن کسی شخص کو بھی کوئی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہ سویڈش معاشرہ میں ایسے انتہا پسندانہ واقعات بہت افسوس ناک ہیں۔ اس واقعہ کے ایک گھنٹے بعد مسجد معمول کے مطابق بچوں کی قرآن کی تدریس منعقد ہوئی۔ اس جامع مسجد کا انتظام ترکی مسلمانوں کے پاس ہے جبکہ بہت سے پاکستانی بھی اس مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لئے شریک ہوتے ہیں۔ مقامی پولیس واقعہ کی تفتیش کررہی ہے اور ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
