35

سویڈن میں‌پاکستانی سفیر کے اعزاز میں تقریب

سٹاک ہوم (عارف کسانہ/نمائدہ خصوصی) سویڈن اور فن لینڈ میں سفیر پاکستان جناب محمد طارق ضمیر کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائیٹی PICS نے کیاجس میں پاکستانی کمیونٹی کے تمام شعبہ ہائے زندگی کی نمائندگی تھی جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔ اس الوداعی تقریب کی خصوصیت یہ بھی تھی کہ اس میں اخوت فاونڈیشن پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب اور ان کی اہلیہ بھی شریک تھیں۔
اس یادگار تقریب کی نظامت کے فرائض غزال مہدی نے بہت خوبصورت اور دل نشیں انداز میں ادا کئے۔ ان کے برجستہ حملوں اور حاضر جوابی سے شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔ پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائیٹی کے صدر محمد شہزاد انصاری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہ آج کی تقریب کئی حوالوں سے ہمیشہ یاد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب کی شرکت ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔ سفیر پاکستان جناب طارق ضمیر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین سال کے مختصر عرصہ میں انہوں نے ایسے کام کئے ہیں کہ جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہی کی رہنمائی میں ہم نے PICS کی بنیاد رکھی اور ایک سال قبل وہ اس کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک تھے۔

اخوت تحریک کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ سویڈن میں اخوت کو متعارف کرانے کا سہرا سفیر پاکستان طارق ضمیر کے سر ہے جنہوں نے دو مرتبہ مجھے یہاں مدعو کیا۔ اب سویڈن میں لوگ اخوت یونیورسٹی کے قیام میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں اور امید ہے کہ اس یونیورسٹی میں ایک بلاک سویڈش پاکستانیوں کی مدد سے تعمیر ہو سکے گا۔ ہمارا عزم ہیے کہ تعلیم سب کے لئے ہونی چاہیے اور کوئی مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اعلی تعلیم سے محروم نہ ہو۔ انہوں نے جناب طارق ضمیر کے ساتھ اپنی پچیس سالہ رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے ان کی خوبیوں اور انسان دوستی کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دورہ میں مجھے عارضہ قلب کی وجہ سے جراحی کے عمل سے گذرنا پڑا اور ایک ماہ سے زائد قیام کرنا پڑا لیکن اس دوران سفیر پاکستان نے مجھے اپنے گھر کی نہیں بلکہ اپنے دل میں رکھا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے سویڈن کی پاکستانی کمیونٹی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی عیادت اور دعائیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بھی سویڈن جیسا نظام ہو جہاں حکمرانوں اور عام عوام کو ایک جیسی صحت کی سہولتیں میسر ہوں۔

سفیر پاکستان محمد طارق ضمیر نے کہا کہ جس بے پناہ محبت اور جذبات کا اظہار یہاں کی پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے کیا گیا ہے اس لئے میں بہت مشکور ہوں اور یہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ انہوں نے کیا کہ سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی اعلی خوبیوں کی حامل ہے اور مجھے پورے سفارتی دور میں کسی اور جگہ ایسے لوگ کہیں نظر نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی خواتین بھی عملی زندگی کو دوڑ میں شامل ہیں اور وہ تقریبات میں بھی شرکت کرتی ہیں۔ PICS کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میری ایک سوچ تھی جسے آہ لوگوں نے عملی شکل دی اور قابل تحسین کام کیا۔ انہوں نے محفل میں موجود ہر ایک شخص کا نام لے کر اس کی خوبیوں ذکر کرتے ہوئے تعریف کی۔ انہوں نے کہ مجھے خوشی ہے کہ سویڈن میں اخوت متعارف ہوگئی ہے اور یہاں کے لوگ اس تحریک کے معاون بن رہے ہیں۔ تقریب سے اشعر محمد، شکیل خان شکو اور عارف کسانہ نے بھی خطاب کیا۔ اس الوداعی تقریب میں کشمیر کمیٹی کے صدر کونسلر برکت حسین، سماجی رہنما زمان خان، پاکستان سویڈش بزنس کونسل کے ڈاکٹر محمد سلیمی، پاکستان میلہ کمیٹی کے آصف بٹ، سفارت خانہ کے ڈی ایچ ایم عرفان احمد، کمرشل قونصلر صائمہ صبا، ایدھی فاونڈیشن کی عطیہ رشید، پاکستان زندہ باد کمیٹی کے عمران کھوکھر، سماجی کارکن مرزا محمود، PICS کے ایونٹ مینجر شہاب قادری، عرفان چوہدری، راجہ عبدالرحمن، منیب چوہدری اور معروف گلوکاروں تصدق حسین، کاشف فرخ اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں پاکستانی کھانوں سے شرکاء کی تواضع کی گئی اور یوں ایک خوبصورت تقریب اختتام کو پہنچی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں