Pakistan Information & Cultural Society Sweden 46

سویڈن،پاکستان انفارمیشن اینڈکلچرل سوسائٹی کے نام سے نیاپلیٹ فارم تشکیل

سٹاک ہوم ( عارف کسانہ نمائندہ خصوصی) پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی PICSکے نام سے سویڈن میں پاکستانیوں نے اپنے لئے ایک نیا پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے۔ اس نئی تنظیم کے اجراء کے موقع پر ایک بڑی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی سویڈن میں پاکستان کے سفیر طارق ضمیر تھے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور بچے اس پروقار تقریب میں شریک تھے۔پاکستان کے قومی ترانہ سے محفل کا آغاز ہوا۔ غزل مہدی نے پکس کے قیام اور غراض و مقاصد تفصیل سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایک نئی ایسوسی ایشن کا قیام نہیں بلکہ یہ تمام پاکستانیوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہوگا اور پہلے سے قائم مختلف پاکستانی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور انہیں اپنے پلیٹ فرام پر خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذہبی، سیاسی، علاقائی، نسلی اور لسانی تفریق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف پاکستانیت کے نام پر کام کریں گے اور اس کے لئے سفیر پاکستان جناب طارق ضمیر نے ہماری رہنمائی بھی کی ہے۔ ہم یہاں پاکستان کے تصور کو بہتر بنائیں گے اور سویڈن میں اپنی ثقافت اور تہذیب کو فروغ دیں گے۔ ہم آن لائن وسائل استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے نام کو اجاگر کریں گے۔ اس موقع پر سرزمین پاکستان کی ایک دستاویزی فلم بھی دیکھائی گئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان طارق ضمیر نے اس نئی تنظیم کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سویڈن میں مقیم پاکستانیوں میں باہمی رابطہ بڑھے گا جس سے ملکی تشخص بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہ سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی قابل تعریف ہے اور ایسی کمیونٹی کسی اور ملک میں نہیں دیکھی جو دیگر ممالک میں مقیم ہم وطنوں کے لئے مشعل راہ بھی ہے۔ سویڈن میں پاکستانی اپنے ملک کے وقار اور ثقافت کے فروغ کے لئے قابل تعریف کام کررہے ہیں۔ کرکٹ کے فروغ کے لئے بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔عارف کسانہ کی نگرانی میں سٹاک ہوم سٹڈی سرکل یہاں قرآنی تعلیمات کے فروغ میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا ثقافت کا مطلب صرف موسیقی اور رقص نہیں بلکہ زبان بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ اردو زبان ہماری پہچان ہے اور مجھے خوشی ہے کہ یہاں کے بچے بہت اچھی اردو بولتے ہیں ۔ انہوں نے تنظیم قائم کرنے والوں کومشورہ دیا کہ سویڈن میں مقیم اردو لکھنے والوں سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کی خدمات سے فائدہ اٹھائیں۔ بعد ازاں سفیر پاکستان نے پکس کے منتظمین کے ساتھ مل کر کیک کاٹ کر سوسائٹی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر عمر عامر کو قرعہ اندازی میں لندن کا ٹکٹ انعام میں ملا۔ اختتام پر پرتکلف پاکستانی کھانوں سے شرکاء کی تواضع کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں