یورپی یونین کا تیسرا بڑا ملک سویڈن شمالی یورپ میں واقع ہے جس کے مغرب میں ناروے اور مشرق میں فن لینڈ ہے۔ سویڈن میں دولت کی یکساں خطوں میں تقسیم کی مثال پورے یورپ میں نہیں ملتی۔ یہاں تک کہ سویڈن کی جی ڈی پی یورپی یونین کی اوسط سے بھی زیادہ ہے۔ ملک بھر میں متحرک معیشت اور زندگی کا اعلیٰ معیار پایا جاتا ہے۔ معیشت میں یہ کامیابی ان کی مستقل جدوجہد اور موثر پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
پاکستان اور سویڈن ، دونوں ممالک نے ہمیشہ دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی ہے اور دونوں ممالک معاشی تعاون کو بہتر بنانے کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ پھر بھی دونوں ممالک کے درمیان خاطر خواہ تجارت نظر نہیں آتی۔ 2013 میں پاکستان میں سویڈن کی برآمد 113.69 ملین ڈالر اور 2014 میں 134.3 ملین ڈالر تھی۔
اُردو قاصد سے گفتگو کے دوران سویڈن کے سفارت خانہ میں تعینات کمرشل کونسلر محترمہ صائمہ صباء نے کہا کہ بلا شبہ پاکستان جیسے برآمد ی ملک کے لئے سویڈن کی مارکیٹ بہترین مواقع فراہم کرسکتی ہے۔ فی الحال بنیادی طور پر پاکستان سویڈن کو ٹیکسٹائل، کپڑے، چمڑے اور کھیلوں کی اشیاءبرآمد کرتا ہے۔ H&M, Ikea اور Lindex ٹیکسٹائل کی مصنوعات کے بڑے خریدار ہیں اور ان کے اپنے دفاتر بھی پاکستان میں موجود ہیں۔ لیکن دیگر شعبوں میں بھی مواقع دستیاب ہیں ۔ ہمیں اپنی صنعتی مہارت کو بڑھانے اور تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ اسی سلسلے میں سورس پاکستان کے نام سے نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ سورس پاکستان دو روزہ صنعتی نمائش 31 اگست سے اسٹاک ہوم میں شروع ہورہی ہےجس میں پاکستان سے 50 کمپنیاں اس نمائش میں شرکت کریں گی ۔پاکستانی مصنوعات کی سویڈن میں تشہیر سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
سورس پاکستان کے نام سے یہ صنعتی نمائش سفارت خانہء پاکستان ، پاکستان سویڈن بزنس کونسل اور نارڈک ایگزیبشن فورم کے تعاون سے کی جا رہی ہے۔
پاکستان سویڈن بزنس کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ ممبر جناب محسن سلیمی نے اردو قاصد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ: فٹ بال اور آئس ہاکی سویڈن میں مقبول ترین کھیل ہیں۔ اور یہاں قومی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاتا ہے ۔ ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے کلب موجود ہیں۔ اگر صرف کرکٹ کی ہی بات کی جائے جو سویڈن میں تیزی سے فروغ پانے والے کھیل ہے کہ 50 سے زائد کلب موجود ہیں۔ سویڈن ہمارے کھیلوں کی اشیاء کی برآمد ات کے اضافے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اگر سویڈن کے ہسپتال اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام کا مشاہدہ کیا جائے تو، سرجیکل آلات ، طبی آلات کی بہت بڑی مانگ ہے جو کہ سویڈن بڑے پیمانے پر دوسرے ممالک سے درآمد کرتا ہے۔
کمرشل کونسلر محترمہ صائمہ صباء اور پی ایس بی سی کے بورڈ ممبر جناب محسن سلیمی کی انتھک محنت اور ملک کی ترقی کیلئے اس پاک جذبے کو دیکھتے ہوئے پاکستان انفارمیشن اینڈکلچرل سوسائٹی سویڈن نے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
نمائش کی تفصیلات اور پروگرام سورس پاکستان کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔
CLICK HERE FOR MORE INFORMATION