53

اینشوپنگ سویڈن کا مرکزی شہر

اینشوپنگ، سویڈن کا ایک مرکزی اور چھوٹا شہر ہے جو کہ جھیل میلارن کے قریب واقع ہے۔ اینشوپنگ سویڈن کے بڑے شہر جیسے سٹاک ہوم، اُپسالا اور ویستراوس سے تقریبا 45-35 منٹ کے فاصلے پر ہے ۔ ایسا کہا جاتا ہے کہ سویڈن کی ایک تھائی آبادی اینشوپنگ شہر سے 120کلومیٹر کے رداس کے اندر آبادہے۔ کئی معروف جامعات بھی اس شہر کے اطراف میں موجود ہیں جیسے اٗپسالا یونیورسٹی، سویڈن یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنس اُپسالا، سٹاک ہوم یونیورسٹی، میلاردالن یونیورسٹی اور ویستراوس کالج۔
اس وقت اینشوپنگ سویڈن میں سب سے زیادہ تیزی سے بڑھ رہی بلدیات میں سے ایک ہے۔ میلارن جھیل کے صاف پانی کے قریب رہائش کے لیے یہ ایک پرکشش شہر بن گیا ہے۔
اس شہر میں مختلف اقسام کے سُپر مارکٹیں اور ریسٹورانٹ موجود ہیں۔ جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ پاکستانی و بھارتی کھانوں کے دلداہ افراد کے لیے چند ایک ریسٹورانٹ بھی موجود ہیں۔ لیلا جاپان سوشی کے نام سے ایک جاپانی ریسٹورانٹ کاتذکرہ یہاں قابلِ ذکرہے جس کے مالکان اور تمام اسٹاف پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھتے ہیں اور 2004 سے اینشوپنگ شہر میں کامیابی سے جاپانی ریسٹورانٹ چلا رہے ہیں۔

لیلا جاپان سوشی کے شیف عمیر رزاق نےاردو قاصد کو بتایا کہ ہمارے گاہک زیادہ تر مقامی ہیں اور اینشوپنگ میں کوئی انڈین یا پاکستانی ریسٹورانٹ نہ ہونے کے وجہ سے اپنے گاہکوں کے بے حد اسرار پر ہم نے چند پاکستانی کھانے بھی مینو میں شامل کر رکھے ہیں۔ عمیر نے بتایا کہ سوشی بنانا انہوں نے سویڈن آکر اسی ریسٹورانٹ میں ہی سیکھا ہے اور آج لوگ خاص طور پر اُن کے ہاتھ کی بنی سوشی کھانے آتے ہیں۔
اگر صرف کھانوں کی بات کریں تو اینشوپنگ میں آپ کو دنیا بھر کے ذائقے ایک ہی مقام پر میسر ہیں۔ سویڈش روایتی کھانوں سے لے کر دنیا بھر کے مشہور نام یہاں موجود ہیں۔
حال ہی میں اینشوپنگ شہر کے ایک پرانے پٹرول پمپ سے متصل ڈھابہ دوبارہ آباد ہوا جس کے مالک اور شیف پاکستان کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے مسعود حسن ہیں۔ لفظ ڈھابہ ہائی وے پر موجود روایتی کھانے پیش کرنے والے ریسٹورانٹ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ چونکہ ہم سویڈن میں موجود ہیں تو چارپائیوں کی جگہ لکڑی کی میزوں کرسیوں سے بدل گئی ہے۔

ساگر ریسٹورانٹ کے مالک مسعود حسن نے اردو قاصد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے حصول کیلئے کسی خصوصی جگہ کا ہونا ضروری نہیں ، اگر آپ کے ہاتھ میں ذائقہ ہے تو لوگ آپ کی جانب خود متوجہ ہونگے۔
اگر آپ سٹاک ہوم یا اٗپسالا میں رہ رہے ہیں تو اینشوپنگ گھمومنے پھرنے اور تفریح کے لیے ایک بہترین مقام ہیں۔آپ باآسانی ٹرین یا بس کے ذریعے یہاں پہنچ سکتے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں