یوں تو ثقافتی اعتبار سے پاکستان میں کئی قسم کے مختلف تہوار ہیں لیکن مذہبی لحاظ سے عیدالفطر اور عید الاضحیٰ سب سے بڑے تصور کیے جاتے ہیں –
پوری دنیا کی طرح سویڈن میں مقیم پاکستانیوں نے بھی عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی – کیونکہ اس دفعہ عیدالفطر کام کے دن آنے کی وجہ سے بہت سے لوگوں نے عید کی نماز کے بعد اپنے اپنے کاموں کا رخ کیا اور عید کے جشن کو آنے والے ہفتے کے اختتام تک ملتوی کر دیا –
عید کے حوالے سے پاکستان کلچرل سوسائٹی اور فریناڈے پاکستانیز کے باہمی اشتراک سے ایک میلے کا اہتمام اسٹاک ہولم کے نواحی علاقے تمبا میں کیا گیا جس میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی –
ایک طرف روایتی پکوانوں کی مہک مہمانوں کے دل اور بھوک دونوں کو بےقابو کر رہی تھی تو دوسری طرف اشیاۓ خوردونوش خواتین کو اپنی طرف مائل کر رہی تھی-
کہیں گول گپے تھے تو کہیں سموسے ،پکوڑے ،تو مٹھائیاں کس طرح پیچھے رہ سکتی تھی ،دیسی قلفی کی اپنی ایک بہار تھی اور ہاتھوں پر مہندی کے رنگ الگ سے سج رہے تھے-
میلے میں موسیقی کا بھی انتظام کیا گیا تھا جس میں مقامی گلوکاروں مفکر چودھری ،رجب علی اور کاشف فرخ اور پنجابی یوتھ سویڈن کی جانب سے بھنگڑا گروپ نے محفل میں چار چاند لگا دیے –
33